یوایس ایڈ کے تعاون سے تعمیر کیے گئے سکول چلانے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب

منگل 17 اکتوبر 2017 20:28

یوایس ایڈ کے تعاون سے تعمیر کیے گئے سکول چلانے کے معاہدے پر دستخط کی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقیSAID) کی امداد سے سندھ بنیادی تعلیم پروگرام (SBEP) کے تحت تعمیر کیے گئے اسکولوں کے انتظامات سنبھالنے کے لیے محکمہ تعلیم اور نجی تنظیموں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر یوایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر اوگیل اوڈو اور سندھ کے سیکریٹری تعلیم اقبال درانی بھی موجود تھے۔امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلیم کے فروغ کے اس اہم اقدام میں سندھ حکومت سے شراکت پر فخر ہے، سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سے تعلیمی معیار بلند ہوگا اور طلبہ خصوصا لڑکیوں کے لیے حصول تعلیم کے محفوظ مواقع میں اضافہ ہوگا، سندھ کے وہ بچے جو معیاری تعلیم مفت حاصل کریں گے وہ اگلی نسل کے انجینیئر، ڈاکٹر، استاد اور بزنس مین بنیں گے۔

(جاری ہے)

سندھ ایجوکیشن منیجمنٹ آرگنائزیشن (EMO) پالیسی کے سلسلے میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت کا نفاذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، پروگرام کے تحت نجی شعبے کی تنظیموں سے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے اور طلبہ کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے رعایتی شرائط پر دس سالہ مدت کے معاہدے کیے جارہے ہیں۔ان معاہدوں کے تحت انڈس ریسورس سینٹر(IRC)، چارٹر فار کمپیشن(CFC)، ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سوسائٹی(HANDS) اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن(SRSO) سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کے تحت 14 نئے تعمیر کیے گئے اسکولوں کے انتظامات سنبھالیں گے۔

ایس بی ای پی کے تحت شمالی سندھ اور کراچی میں 106 جدید ترین اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں جن کے لیے امریکی حکومت نے ساڑھے پندرہ کروڑ ڈالر امداد فراہم کی ہے جس کا مقصد پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنا اور اسے برقرار رکھنا ہے۔ ان 14 اسکولوں سے قبل تعمیر کیے گئے 9 اسکول بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ معاہدے کے تحت کامیابی سے چلائے جارہے ہیں۔