پانی کی قلت جاری رہی تو پاسبان احتجاج کی کال دیگی اور پورا کراچی سڑکوں پر ہوگا، عبدالحاکم

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی کو پانی کی سپلائی بند ہونے سے پورا کراچی شہر بری طرح متاثر ہورہا ہے ، حکومت کے الیکٹرک کی بدمعاشی کے سامنے بے بس کیوں ہے،صدر پاسبان کراچی

منگل 17 اکتوبر 2017 20:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2017ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے شہر کراچی میں پانی کی طویل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کی قلت جاری رہی تو پاسبان احتجاج کی کال دیگی اور پورا کراچی سڑکوں پر ہوگا۔بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی کو پانی کی سپلائی بند ہونے سے پورا کراچی شہر بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔

حکومت کے الیکٹرک کی بدمعاشی کے سامنے بے بس کیوں ہے ۔ کیا حکومت کے پاس پمپنگ اسٹیشنوں کیلئے جنریٹر لگانے کا بجٹ بھی نہیں ہے ۔ اگر دھابیجی میں کام ہورہا ہے تو کیا حکومت حب ڈیم سے شہر کراچی کو پانی کی فراہمی نہیں کرسکتی ۔ شہریوں کو پریشان کرنا اور انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت پہنچانا ہی کیا حکومت نے اپنی ذمہ داری سمجھ رکھی ہے یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ شاید اب کے الیکٹرک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی اذیت برداشت کرنے والے شہریوں پر پانی بھی بندکرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت اگر منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرتی تو شہریوں کو پانی کی فراہمی بھی جاری رہتی اوربجلی کے تعطل اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں کام کے دوران عوام کو کسی قسم کی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ مگر حکومت بغیر منصوبہ بندی کے کام کرنے اور عوام کو اذیتیں پہنچانے کا عادی بن چکی ہے ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کو پیدانہ کیا جائے کہ پیاسے عوام سڑکوں پر ہوں اور حکمران اور کے الیکٹرک کے مالکان چھپنے کی جگہ تلاش کرتے نظر آرہے ہوں ۔

کے الیکٹرک پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی فراہم کرے اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ شہر میں فی الفور پانی کی سپلائی شروع کرے۔ اگر کام میں تاخیر ہورہی ہے تو حب ڈیم سے کراچی کو پانی سپلائی کیا جائے ،عوام کو مزید پریشانی کا شکار نہ بنایا جائے #