سپیڈو بس سروس کا کارڈعوام کو مفت فراہم کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمشنرملتان کا اعلان

منگل 17 اکتوبر 2017 20:12

ملتان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سپیڈو بس سروس کے کارڈ کو عوام الناس کے لئے فری کردیا گیا ہے ۔ ملتان سپیڈو بس وے میں ناگ شاہ سے عزیز ہوٹل چوک تک کے ایک نئے روٹ کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیڈر بس سفری کارڈ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے فی فرد صرف ایک بار حاصل کرسکے گا۔یاد رہے کہ قبل ازیں فیڈر بس سروس کارڈ کی قیمت200روپے تھی جس میں کارڈ کی مالیت 130روپے اور بیلنس70روپے تھا۔ضلعی حکومت کے ترجمان نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جن مسافروں نے یہ کارڈ 200روپے کے عوض حاصل کیا ہے وہ کسی بھی سیل پوائنٹ پر جا کربائیومیٹرک کے ذریعے پرانا کارڈ واپس کرکے نیا کارڈ حاصل کرسکتے ہیں اور پرانے کارڈ کی مد میں انہوں نے جو ادائیگی کی تھی وہ ان کے نئے کارڈ میں شامل کردی جائے گی۔