بیوٹی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی لوریئل پیرس نے ماہرہ خان کو اپنی برانڈ ایمبیسیڈر منتخب کرلیا

پہلی پاکستانی ہیں جو لورئیل کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی ہیں،لاہور میں ہونے والے عروسی ملبوسات کے فیشن شو کے دوراناس اعزاز کا اعلان کیا گیا

منگل 17 اکتوبر 2017 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2017ء) بیوٹی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی لوریئل پیرس نے ماہرہ خان کو اپنی برانڈ ایمبیسیڈر منتخب کیا ہے۔وہ پہلی پاکستانی ہیں جو لورئیل کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی ہیں۔لاہور میں ہونے والے عروسی ملبوسات کے فیشن شو کے دوران ماہرہ خان کے لیے اس اعزاز کا اعلان کیا گیا۔انڈین اداکار رنبیر کپور کے ساتھ سامنے آنے والی تصاویر کے بعد ہونے والے تنازع کے بعد ماہرہ پہلی بار کسی عوامی تقریب میں سامنے آئی تھیں۔

سفید لباس میں ماہرہ خان انتہائی پر اعتماد انداز میں مسکراتی ہوئی ریمپ پر آئیں۔اس موقعے پر انھوں نے بتایا کہ انہیں لوریئل کی پہلی پاکستانی ایمبیسیڈر منتخب کیے جانے پر بہت خوشی ہے۔لوریئل پیرس کی سابقہ برانڈ ایمبیسیڈرز میں نوامی واٹس، ایوا لوگوریا اور ہیلن میرن کے علاوہ بالی وڈ اداکارؤں میں سونم کپور اور ایشویریہ رائے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر ماہرہ نے کہا کہ ’مشکلات کے دور میں، خوشی کے لمحات میں، زندگی کے اتار چڑھاؤ میں، جو غلطیاں ہم کرتے ہیں یا جو کامیابی ہمیں ملتی ہے اس دوران کسی کو بھی اس بات کا اختیار نہ دیں کہ ان کی رائے اس بات کا تعین کرے کہ آپ کون ہیں ‘ماہرہ کا مزید کہنا تھا ’اگر کوئی آپ کے بارے میں رائے کا اظہار کرتا بھی ہے تو آپ وہی رہیں جو آپ ہیں! میں اور کئی دوسری عورتیں ہم سب اہم ہیں‘۔ماہرہ کی جانب سے ان کے اس پہلے ردِ عمل پر سوشل میڈیا میں ان کی کافی پذیرائی ہوئی۔ماہرہ خان کی رنبیر کپور کے ساتھ تصاویر پر جہاں سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے واویلا کرتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی وہیں کئی پاکستانی اور انڈین فنکاروں نے ان کی حمایت بھی کی۔ ۔

متعلقہ عنوان :