صدر سرحد چیمبر آف کامرس کا ضلعی انتظامیہ ،ْ ،ْفوڈ ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے تاجروں اور دکانداروں کوہراساں ،ْ ناجائز اور غیر قانونی جرمانے کرنے پرتشویش کا اظہار،

منگل 17 اکتوبر 2017 19:44

ْپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے ضلعی انتظامیہ ،ْ ٹائون انتظامیہ ،ْفوڈ ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے تاجروں اور دکانداروں کوہراساں ،ْ ناجائز اور غیر قانونی جرمانے کرنے پرتشویش کا اظہار کیا ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تاجروں کوناجائز اور غیر قانونی جرمانے کرنے کا نوٹس لے کر ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

دہشت گردی اور شدت پسندی سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کوہراساں کرنے کی بجائے سہولیات فراہم کی جائیں ۔ کاروباری طبقے کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ وہ منگل کو متحدہ تاجر گرینڈ الائنس پشاور کے صدر حاجی محمد اقبال یوسفزئی کی قیادت میں جنرل سیکرٹری حلیم سید مہمند ،ْ ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی کابل جان پر مشتمل وفد سے چیمبر ہائوس میں گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر ملک نیاز محمد بھی موجود تھے ۔ وفد نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ایک سال سے باچا خان چوک ،ْ پجگی روڈ ،ْ شامی روڈ اور مختلف بازاروں کے تاجروں اور دکانداروں کو ضلعی انتظامیہ ،ْ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں اور دیگر محکموں کی جانب سے ناجائز اور غیر قانونی جرمانے کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کی وجہ سے کاروبار متاثرہورہا ہے جس سے تاجر اور دکاندار سخت اذیت کا شکار ہیں۔وفد نے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری سے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی ۔ سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کسی تاجر یا دکاندار کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سرحدچیمبر کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں اور اس فورم سے بزنس کمیونٹی کی بلا امتیاز خدمت کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت روزگار فراہم کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کوہراساں کرنے کی بجائے سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور دکانداروں سے 10 ہزار روپے وصول کرنے کے بعد ایک ہزار روپے کی رسید دی جاتی ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں اور دکانداروں کو ہراساں ،ْ ناجائز اور غیر قانونی جرمانے کرنے کا نوٹس لے کر ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔