الیکشن کمیشن 7 دسمبرکو نیشنل ووٹرز ڈے کے طورپر منائے گا، 7 دسمبر کو ا یوان صدر میں تقریب کے انعقاد کی سمری وزیراعظم ہاؤس کوبھجوائی جائے گی

تقریب میں صدرپاکستان مہمان خصوصی ہوں گے ،چیف الیکشن کمشنراور سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت الیکشن کمیشن کے اعلی عہدیداران بھی تقریب شریک ہوں گے

منگل 17 اکتوبر 2017 19:39

الیکشن کمیشن  7 دسمبرکو نیشنل ووٹرز ڈے کے طورپر منائے گا،  7 دسمبر کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان 7 دسمبرکو نیشنل ووٹرز ڈے کے طورپر منائے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے 7 دسمبر 2017 کو ا یوان صدر میں تقریب کے انعقاد کی صدر مملکت سے منظوری کے لئے سمری وزیراعظم ہاؤس کوبھجوائی جائے گی ، تقریب میں صدرپاکستان مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنراور سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت الیکشن کمیشن کے اعلی عہدیداران بھی تقریب شریک ہوں گے، جبکہ ڈویثرن اور ضلعی سطح پر ووٹر کی آگاہی اور ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ملک گیر سطح پر آگاہی واک اور تقریبات منعقد کی جائیں گی، پیر الیکشن کمیشن سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی نیشنل ووٹرز ڈے 7 دسمبر 2017کو پورے جوش وخروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزیراعظم ہاؤس سمری بھجوائی جائے گی تاکہ ایوان صدر میں 7 دسمبر 2017کو نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے ہونے والے پروگرام میں صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان سے منظوری کی درخواست کی جائے۔ اس تقریب میں صدر پاکستان مہمان خصوصی ہوں گے۔ اور چیف الیکشن کمشنراور سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت الیکشن کمیشن کے اعلی عہدیداران اور اسلام آباد کے تمام سرکردہ افسران شریک ہوں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ چاروں گورنر ہاؤسز میں صوبائی سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں متعلقہ صوبے کے گورنر مہمان خصوصی ہوں گے۔ ڈویثرن اور ضلعی سطح پر ووٹر کی آگاہی اور ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ملک گیر سطح پر آگاہی واک اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ جس میں سرکاری عہدیداران کے علاوہ سول سوسائٹی ، خواتین تنظیموں کے نمائندگان، میڈیا، معذور افراد اور اقلیتی نمائندوں سمیت عوام کی ایک بہت بڑی تعداد شرکت کریں گی۔

تمام چاروں صوبائی الیکشن کمشنر ز کو اپنے اپنے صوبے میں ان تقریبات اور واک کا اہتمام کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نیشنل ووٹرز ڈے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے شعور اور آگاہی پید ا کی جائے۔ اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس ووٹ آگاہی مہم کا حصہ بنایا جائے۔

عام انتخابات 2018 اور حالیہ مردم شماری کے بعد نیشنل ووٹرز ڈے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔اوراسی لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بھر پور کوشش ہے کہ7 دسمبر 2017 کو نیشنل ووٹر ز ڈے کا انعقاد شایان شان طریقے سے کیا جائے تاکہ پاکستان کے تما م ووٹرز کو یہ پیغام بروقت پہنچ جائے کہ 2018 کے عام انتخابات سے پہلے پہلے وہ اپنے ووٹ کا انداج کرائے اور ان میں ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر ہوجائی