اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت(کل) ، نواز شریف اورپرسوں بچوں پرفردجرم عائد ہوگی

منگل 17 اکتوبر 2017 19:39

اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت(کل) ، نواز شریف اورپرسوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) احتساب عدالت میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت(کل)بدھ کوجبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعتجمعرات کو ہو گی،سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف استغاثہ کے مزید دو گواہ بیان ریکارڈ کرائیں گے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں پرفرد جرم عائد کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اثاثہ جات ریفرنس میں وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں (آج) بدھ کو مزید دو گواہ پیش ہوں گے،جن کا تعلق نجی بینک سے ہے، دونوں گواہ عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے جبکہ ان گواہوں پر جرح بھی کی جائے گی، اسحاق ڈار کے خلاف استغاثہ کے تین گواہ پہلے بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن(ر)صفدر ،حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف 3ریفرنسز کی سماعت (کل)جمعرات کو ہو گی۔

احتساب عدالت میں نواز شریف کیپٹن صفدر اور مریم نواز پر فرد جرم عائد کی جائے گی جبکہ عدالت نے حسن اور حسین نواز کا کیس الگ کر دیا ہے، سینیٹر اسحاق ڈار اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے جبکہ پولیس کی معاونت کیلئے ایف سی کے دستے بھی تعینات ہوں گے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں سیاسی کارکنوں کا داخلہ بند ہو گا، غیر متعلقہ افراد کو احتساب عدالت جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔