ری فنڈکلیمز کی ادائیگیوں کے بعد ایکسپورٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا، سیکرٹری ٹیکسٹائل

منگل 17 اکتوبر 2017 19:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وفاقی سیکرٹری برائے ٹیکسٹائل حسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکسٹائل کا شعبہ تیزی سے بحال ہو رہا ہے ، ری فنڈز کلیمز کی ادائیگیوں کے بعد ایکسپورٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ویلیو ایڈیشن کے لیے حکومت مزید مراعات دے رہی ہے‘ تاکہ علاقائی مسابقتی فضا میں پاکستان کے ایکسپورٹرز کو برتری حاصل ہو، وزارت ٹیکسٹائل چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر ہنر مند افراد کو تربیت فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ انٹرپرینورشپ کے فروغ اور ہنر مند افراد کی تربیت کے لیے چیمبر آف کامرس کے ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹر کے انٹر پرینیورز کو فیصل آباد میں فنی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صدر زاہد لطیف خان نے کہا کہ چیمبر برمنگھم برطانیہ میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے جا رہا ہے جس کے لیے وزارت ٹیکسٹائل کی معاونت کی ضرورت ہو گی۔ وفاقی سیکرٹری نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ملک میں انٹر پرنیورشپ کے فروغ کے لیے چھوٹی صنعتوں اور ایس ایم ای کی حوصلہ افزائی کرے تا کہ ملک میں بے روزگاری پر قابو پایا جا سکے، وفد میں نائب صدر خالد فاروق قاضی، مجلس عاملہ کے اراکین، افضال سعید بٹ، فیاض قریشی اور افضل ملک بھی شامل تھے۔