لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد،سپر وائیزر حاجی اصغر علی پٹھان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

منگل 17 اکتوبر 2017 19:33

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کے سپر او ٹی ٹیکنیشن اور او ٹیز سپر وائیزر حاجی اصغر علی پٹھان کی ریٹائر منٹ کے موقع پر لیاقت یونیورسٹی اسپتال کے مختلف سیکشن کے انچارجز کی جانب سے ان کے اعزاز میں سول اسپتال حیدرآباد میں ایک الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیکشن سے تعلق رکھنے والے ملازمین شعیب چھیپا ،محمد فاروق جونیجو،میر حسن کوریجو،سید علی حیدر شاہ اور محمد اقبال وہرا کے علاوہ پیرا میڈیکل اور دیگر اسپتال ملازمین نے شرکت کی اس موقع پر شعیب چھیپا نے حاجی اصغر علی پٹھان کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی اجرک پیش کی جبکہ دیگرمعززشرکاء نے پھولوں کے ہار پہنائے ،تقریب سے حاجی اصغر علی پٹھان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی 29سالہ دور ملازمت کے دوران محنت ،لگن اور ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کو اولیت دی اور اس دوران کئی مراحل ایسے بھی آئے کہ ہسپتال میں ایمرجنسی کی صورت میں کئی کئی روز تک اپنی ڈیوٹی پر موجود رہا ،انہوں نے مزید کہا کہ اپنے فرائض منصبی کو اہمیت دیتے ہوئے بیماری کی حالت میں بھی اپنی ڈیوٹی سر انجام دی اور اللہ تعالی کا شکر ہے کہ میں اپنی عمر کے 60سال پورے کر چکا ہوں اور میں پیرا میڈیکل ملازمین کو ایک سینئر کی حیثیت سے یہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ بھی اپنی ڈیوٹیاں مکمل ذمہ داری اور ایمانداری سے ادا کریں کیونکہ مریضوں کی تیمارداری اور علاج و معالجہ میں ڈاکٹروں کی معاونت کرنا بھی فرائض منصبی کے ساتھ ساتھ ایک عبادت ہے اور شاید ہمارا یہ عمل آخرت میں ہماری نجات کا ذریعہ بن جائے،انہوں نے کہاکہ ملازمت کے دوران میں نے تمام پیرامیڈیکل ملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لایا اور تمام ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کے ساتھ ملکر ہر موقع پر پیرا میڈیکل ملازمین کے حقوق کیلئے کوشاں رہا اور اگر اب بھی میری ضرورت پڑی تو میں ہسپتال سمیت پیرا میڈیکل ملازمین کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں انہوں نے تمام پیرا میڈیکل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق قائم کریں اور کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں ،آج پیرا میدیکل ملازمین کے بہت سے مسائل مشترکہ جدو جہد کے نتیجے میں حل ہوئے اور باقی حل طلب مسائل بھی مشترکہ جدو جہد سے ہی حل ہو نگے۔