یونیورسٹی آف ساہیوال کے تمام شعبوں میں نئے داخلے آئندہ ماہ سے شروع ہونگے

منگل 17 اکتوبر 2017 19:32

ساہیوال۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) یونیورسٹی آف ساہیوال کے تمام شعبوں میں نئے داخلے اگلے ماہ سے ہونگے جس کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تا کہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو، یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن اور یونیورسٹی آف ساہیوال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بابر حیات تارڑنے اپنے دفتر میں بتائی ،اس موقع پر ڈائریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق حسین بھی موجود تھے ،انہو ںنے بتایا کہ نئے داخلوں سے متعلق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات انتہائی مفید رہی اور کمیشن کی ہدایات کے مطابق یونیورسٹی کی فیکلیٹی میں اضافے سمیت متعدد اقدامات ہنگامی بنیادوں پر اٹھائے جا رہے ہیںتاکہ نومبر میں نئے داخلے ہو سکیں ،انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں ٹریژر‘کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کی اہم پوسٹوں پر تقرر اور دوسرے انتظامی معاملات حل کرنے کیلئے یونیورسٹی سنڈیکیٹ کا اہم اجلاس رواں ماہ منعقد ہو گا جس کی صدارت چیئر مین سنڈیکیٹ اور صوبائی ڈائریکٹر محکمہ ہائر ایجوکیشن کریں گے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی فیکلیٹی کیلئے اشتہار بھی جلد اخبارات میں شائع ہو جائے گا تا کہ تمام شعبوں میں اساتذہ کی کمی کو نئی کلاسز شروع ہونے سے پہلے پورا کیا جاسکے ،کمشنر بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق یونیورسٹی کیلئے نئی کتابوں کی خریداری کیلئے بجٹ مختص کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ تمام امتحانی نظام کو بھی فول پروف بنایا گیا ہے اور طلبہ و طالبات کی ریسرچ کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت شعبے میں یقینی بنائی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :