کسان کی ترقی سے ہی ملک کی معاشی ترقی وابستہ ہے،سید ظفریاب حیدر

منگل 17 اکتوبر 2017 19:31

ملتان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کی صوبائی ذیلی کمیٹی برائے تخمینہ اخراجات فی ایکڑ کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب سید ظفر یاب حیدر کی زیر صدارت زراعت ہائوس میں منعقد ہوا جس میں گندم، چنا، مسور، سرسوں، کینولہ، سن فلاور، سورج مکھی، آلو، ٹماٹر، پیاز اور ربیع سبزیات کے فی ایکڑ اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا۔

اس تخمینہ کا مقصد زمینداروں کو ان کی فصلات کے فی ایکڑ اخراجات مدنظر رکھ کر ان فصلات کے فی چالیس کلو گرام قیمت مقرر کرنے کے بارے حکومت کو سفار ش کرنا ہے۔ اس موقع پر سید ظفر یاب حیدر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کا حوصلہ بھی بلند ہوگا۔ محکمہ زراعت کاشتکاروں کو ان کی محنت کا صلہ دلانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

محنت کش کاشتکار کو معقول معاوضہ دلانے کے لئے ہر سطح پراقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسان کی ترقی سے ہی ملک کی معاشی ترقی وابستہ ہے۔ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، محکمہ زراعت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کررہا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ اجلاس میں کاشتکار تنظیموں کے نمائنددں نے بھی شرکت کی۔