کچ بانڈہ کے 3گائوں کی واٹر سپلائی سکیم کیلئے منظور شدہ منصوبے کے پونے تین کروڑ روپے فنڈکہاں گئے، چیئرمین ویلج کونسل

منگل 17 اکتوبر 2017 19:11

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء)چیئرمین ویلج کونسل مردو خیل بانڈہ نے کہا ہے کہ یونین کونسل کچ بانڈہ کے تین گائوں کے واٹر سپلائی سکیم کے لئے دو سال قبل منظور شدہ پونے تین کروڑ روپے فنڈ کہاں گیا بار بار درخواستیں دینے کے باوجود ڈی سی ہنگو اور ایس ڈی او پبلک ہیلتھ ٹھس سے مس نہیں ہوتے جبکہ پاکستان تحریک انصاف ہنگو کا ممبر صوبائی اسمبلی شاہ فیصل بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے اگر دس دن کے اندر اندر کام شروع نہیں ہوا تو ہم شدید احتجاج کرنے پر مبور ہوں گے ۔

وہ منگل کو نور سیف جنرل کونسلر ظریف حاجی فض کریم سمیل خان محمد فضل محمد صدیق گل محمد گلاب خان لال شامیر کے ہمراہ ہنگو پریس کلب میں ضلعی انتظامیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی کیخلاف پریس کانفرنس سے خطاب رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقہ کے مشران و نوجوانان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یو سی کچ بانڈہ کے تین گائوں ماموزئی بانڈہ ،زنکی بانڈہ بہزادی کلے و ملحقہ علاقوں کے لئے دو سال قبل ایم پی اے شاہ فیصل نے پونے تین کروڑ روپے واٹر سپلائی سکیم کے لئے منظور کئے تھے جو کہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے اور ٹھیکیدار محمد زاہد مروت غائب ہے ہم نے اس حوالے سے ڈی سی ہنگو ایس ڈی او پبلک ہیلتھ کو بار بار درخواستیں دی مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی جبکہ ایم پی اے شاہ فیصل بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی بالکل نہیں ہے جس سے علاقہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرے اور ٹھیکیدار کو تبدیل کرے تاکہ عوام کا دیرینہ مطالبہ حل ہو سکے انہوں نے کہا کہ اگر دس دن کے اندر اندر واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع نہیں ہوا تو ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔