Live Updates

عمران خان نے دورہ شانگلہ پر جو اعلانات کئے تھے ان کو اب تک حتمی شکل نہیں دی گئی،ایم پی اے محمد رشاد خان

منگل 17 اکتوبر 2017 19:09

ا لپوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) شا نگلہ سے نواز لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر محمد رشاد خان نے کہا ہے کہ شانگلہ میں حکمراں جماعت صرف اعلانات کرتے ہیں اور پھر ان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈ ریلیز تک نہیں ہوتے، جو یہاں کے عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے ، تحریک انصاف کے صوبائی حکومت شانگلہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں،عمران خان نے دورہ شانگلہ کے موقع پر جو بھی اعلانات کئے تھے ان کو اب تک حتمی شکل نہیں دی گئی ، جو تحریک انصاف حکومت کے جھوٹے دعوے ثابت کرتے ہیں، شہید شاہد خان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہید شاہد خان ایک خدا ترس ،اچھے اخلاق کے مالک اور بہترین انسان تھے ، کرکٹ کے میدان میں شہید کی یاد زندہ رہے گی، شانگلہ میں کھیلوں کی میدانوں کی تعمیر کیلئے اپنے جیب سے پیسے فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو میرہ دندئ میں اپنے چچا شہید شاہد خان سے منصو ب کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی میں بحیثیت مہمان خصوصی میچ کے اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع کونسل شانگلہ سے رکن نجیب اللہ خان نے گرائونڈ کی تعمیر کیلئے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ، نجیب اللہ نے کہا کہ شہید شاہد خان کرکٹ کو مزید اجاگر کرنے کیلئے اور کھیلوں کی فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

میچ کے اختتامی تقریب سے ن لیگ کے ضلعی کونسلر محمد حیات خان نے نئے گرائونڈ کی تعمیر کیلئے ایکسکیویٹر کی فراہمی سمیت دونوں ٹیموں کیلئے اعلانات کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید شاہد خان کے بھائی ڈاکٹر محمد شعیب نے کہا کہ علاقے میں کھیل کے میدانوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں شاہد خان کا کردار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، انہوں نے شروع ہی سے اپنے مثبت طریقے سے کھیلوں کے میدان اباد کئے ہیں ، ان کی کمی کوئی بھی پوری نہیں کرسکتا ، تمام کھلاڑیوں میں انہیں اپنی بھائی کی جھلک دکھائی دیتا ہے، شاہد خان میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کمیٹی اور کھلاڑیوں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے شہید شاہد خان کی یادوں کو برقرار رکھا اور ایسے پروگرام کا انعقاد کیا۔

شہید شاہد خان میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتام پر رکن صوبائی اسمبلی محمد رشاد خان ، ڈاکٹر محمد شعیب،رکن ضلع کونسل شانگلہ نجیب اللہ خان ، لیگی رہنماء شاہ زینت خان ، رکن ضلع کونسل شانگلہ محمد حیات خان سمیت دیگر رہنمائوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں ، کمیٹی اراکین اور رننگ ٹیم کے کھلاڑیوں میں میڈلز ، کپ ، شیلڈ اور تحائف تقسیم کئے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :