کم مراعات یافتہ طبقات کو ہنر مند بنا کر معاشرے کا بامقصد شہری بنایا جا سکتا ، معاشی طور پر خود مختیار بنا کر غربت میں کمی کو بھی ممکن کیا جاسکتا ہے، سماجی تنظیم کے تعاون سے 100 یتیم ومعذوربچیوں کو ہنر مند بنانے کی کاوش باعثتحسین ہے

صوبائی وزیرِمال سردار علی امین خان گنڈہ پور کا یوایس ایڈسمال گرانٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 17 اکتوبر 2017 19:09

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیرِ مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ کم مراعات یافتہ طبقات خصوصا معذوری کے ساتھ افراد کو ہنر مند بنا کر نہ صرف اُن کو معاشرے کا بامقصد شہری بنایا جا سکتا بلکہ اُن کو معاشی طور پر خود مختیار بنا کر غربت میں کمی کو بھی ممکن کیا جاسکتا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان میں نوجوانوں کے ہنر سیکھنے کے بہت کم مواقع ہیں جبکہ غریب اور نادار بچیاں اور نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے ان مواقع سے استفادہ حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔

امریکی عوام کی مدد سے شروع کیئے جانے والے سہارا سماجی تنظیم کے اس منصوبے سے تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان کی پانچ یونین سے 100 یتیم ،نادار اور معذوربچیوں اورنوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کاوش باعثِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو سہارا سماجی تنظیم کے تحت امریکی عوام کی جانب سے یوایس ایڈسمال گرانٹ اینڈ ایمبیسیڈرور فنڈ پروگرام کے تعاون سے شروع کیئے جانیوالے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سہاراسماجی تنظیم نے گذشتہ اکیس سال میں معذور افراد کے علاج ،تعلیم،معاشی ترقی اور معاشرے میں شمولیت کے حوالے سے گرانقدر اورقابلِ تقلید خدمات سرانجام دی ہیں۔ امریکی عوام کی مدد سے شروع کیئے جانے والا موجودہ منصوبہ بھی سھارا کی ان کاوشوں کی ایک کڑی ہے، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ،تلاوت ِ کلامِ پاک کے بعد راجہ احمر اخلاق نے نعتِ رسولِ مقبول ؐ پیش کی۔

اس کے بعد سھارا سماجی تنظیم کے سینئر نائب صدر دین محمد ابوالمعظم تُرابی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سہارا کی اب تک کارکردگی پر مختصرا روشنی ڈالی۔انہوں سہاراسماجی تنظیم برائے بحالیِ جسمانی معذوران کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان جیسے پسماندہ ضلع میں غریب ،ناداراور معذور افراد کی معاشی ترقی کے لیئے امریکی عوام کی مدد سے منصوبہ شروع کرنے پر یوایس ایڈسمال گرانٹ اینڈ ایمبیسیڈرور فنڈ پروگرام کاشکریہ ادا کیا ۔

منصوبے کے پراجیکٹ منیجر عامرسہیل سدوزئی نے تقریب کے شُرکاء کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی عوام کی جانب سے یوایس ایڈسمال گرانٹ اینڈ ایمبیسیڈرور فنڈ پروگرام کے تحت منظور ہونے والے اس منصوبے کا مقصد تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان کی پانچ یونین کونسلز جن میں یونین کونسل نمبر ۱،۳،۴،۵ اور ڈیوالہ شامل ہیں کے 100نادار،یتیم اور معذور بچیوں اور نوجوانوں کو ہُنر مند بنا کر اُنکی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔

منصوبے کے تحت 75خواتین کو ٹیلرنگ/ڈریس میکنگ،ہاتھ و مشین کشیدہ اور بیوٹی پارلر کے شعبہ جات میں جبکہ 25 مرد امیدواروں کو کمپیوٹر کے شعبے میں تربیت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ امیدواروں کے انتخاب کے لیئے سروے کیا جارہا ہے جس کے تحت منصوبے کا فیلڈ سٹاف ان پانچ یونین کونسلز میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں کی مدد اور دیگر ذرائع سے نادار ،یتیم اور معذور افراد کے کوائف اکٹھے کررہے ہیں جبکہ شارٹ لسٹ کیئے جانیوالے افرادکی جائزہ کے بعد منتخب ہونے والے 100حتمی امیدواروں کو اوپر ذکر کیئے گیئے شعبہ جات میں چار ماہ کی تربیت دی جائے گی ۔

تربیت مکمل ہونے بعد صوبائی ٹریڈٹیسٹنگ بورڈکی جانب باضابطہ امتحان کے بعد کامیاب امیدواروں کو سرٹیفیکیٹس اور خواتین کے تینوں شعبہ جات میں شامل ہونے والی طالبات کوٹول کٹس بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ تربیت کے بعد چھوٹے پیمانے پر کام کا آغاز کرسکیں۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کہ تحت نہ صرف سھارا ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کی استعدادِ کار کو بڑھانے کے لیئے سنٹر میں مزید مشینری وآالات کے ذریعے اضافہ کیا جائے گا بلکہ تربیت حاصل کرنے والی بچیوں کی تیار کردہ مصنوعات کو عام کرنے کے لیئے ایک ڈسپلے یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

جبکہ تربیت کے عمل کے دوران اور آخر میں طلباء و طالبات کو چھوٹے کاروبار کرنے کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کے علاوہ مائیکرو فنانس کے لیئے کام کرنے والے اداروں سے رابطے بھی کرائے جائیں گے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم سردار عمر امین خان گنڈہ پور نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سھارا کی گذشتہ کو سراہا اور امریکی عوام کی مدد سے یوایس ایڈسمال گرانٹ اینڈ ایمبیسیڈرور فنڈ پروگرام کے تعاون سے شروع ہونے والے موجودہ منصوبے کو نہایت اہم قدم قرار دیتے ہوئے ایسے منصوبوں کو جاری رکھنے پر زوردیا ۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایک پسماندہ ضلع ہے جبکہ عام آدمی کے لیئے روزگار کے بہت کم مواقع ہیں اس صورت میں ان منصوبوں کے ذریعے لوگوں کو ہُنر مند بنا کر غریب آدمی کے مسائل کو کم کیا جاسکتا ہے۔انہوں کہا کہ آج کی اس تقریب کے توسط سے امریکی عوام اور ش یوایس ایڈسمال گرانٹ اینڈ ایمبیسیڈرور فنڈ پروگرام ص کا شکریہ کا ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس اہم منصوبے کے لیئے ڈیرہ جیسے پسماندہ ضلع کا انتخاب کیا۔ انہوں نے سھارا سماجی تنظیم کومنصوبے کے سلسلے میں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کے آخر میں تنظیم کے جوائنٹ سیکرٹری اور پراجیکٹ کے فوکل پرسن محمد عامر حسین زیدی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور فضاء میں غبارے چھوڑ کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔