کوہاٹ، جرما کے مختلف علاقوں میںجرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن ،مطلوب اشتہاری سمیت 18مشتبہ افراد گرفتار

منگل 17 اکتوبر 2017 19:02

کوہاٹ، جرما کے مختلف علاقوں میںجرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن ..
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) کوہاٹ جرما کے مختلف علاقوں میںجرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران مطلوب اشتہاری سمیت 18مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف تلاشی آپریشن کی کاروائی گائوں مسلم آباد اور چیچنہ کی آبادی میں عمل میں لائی گئی جسمیں خود کار اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ جرما سب انسپکٹر وقار احمد نے حساس معلومات کی بنیاد پر بھر پور کاروائی کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مقامی حدود کے علاقوں مسلم آباد اور چیچنہ میں ٹارگٹڈ مقامات پراچانک چھاپے مارے اور روپوش اشتہاریوں کے گھروں کی تلاشی لی ۔سرچ آپریشن کی اس کاروائی میں پولیس نے مطلوب اشتہاری مجرم سہیل خان سمیت 18مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے خود کار اسلحہ بھی ملا ہے جسمیں ایک کلاشنکوف،ایک ریپیٹر،ایک شاٹ گن،تین پستول اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے تمام افراد کو تھانہ جرما منتقل کردیا گیا جہاں ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ زیر حراست مشتبہ افراد کی چھان بین کیلئے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کردیاگیا ہے۔

منگل کی علیٰ الصبح شروع ہونیوالی تلاشی آپریشن کی کاروائی چار گھنٹے تک مسلسل جاری رہی جسمیں پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ ،بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوں کی ٹیم اور حساس اداروں و خواتین پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیاجبکہ آپریشنل ٹیموں کو بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی۔