فلپائن کے وفد کی گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات

دو طرفہ تعلقات ، تجارت کو مزید بڑھانے ، پاکستانی ادویات کی تیاری ،معیار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 17 اکتوبر 2017 19:00

فلپائن کے وفد کی گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اس ضمن میں مختلف بیماریوں کی تحقیق اور عالمی میعار کے لحاظ سے ادویات کی تیاری میں پاکستان کو نمایاں اہمیت حاصل ہے یہی وجہ ہے پاکستانی ادویات کی طلب میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ، پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق ادویات کی تیاری کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں فلپائن کے ادویات کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے وفد سے ملاقا ت میں کیا ۔ ملاقات میں پاک فلپائن دو طرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت کو مزید بڑھانے ، فلپائن میں پاکستانی ادویات کی مانگ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر عبد الحسیب خان اور فار ما سوٹیکل مینوفیکچر رزکے عہدیداروں بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ فلپائن میں پاکستانی ادویات کی مانگ میں اضافہ پاکستانی ادویات کے عالمی معیار کا واضح ثبوت ہے ،فلپائن میں پاکستانی ادویات کی برآمدات میں اضافہ سے دوطرفہ تعلقات بھی مزید مستحکم ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ وفد پاکستانی ادویات کے معیار ، پلانٹ ، منظم و منفرد انداز سے تیاری سمیت دیگر اس سے متعلق کام کا جائزہ بھی لے تاکہ پاکستان میں ادویات کی تیاری سے لیکر برآمد تک کے مراحل سے بخوبی آگاہ ہو سکیں کیونکہ موجودہ حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ مختلف بیماریوں سے انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ،اس سلسلہ میں تحقیق کو مرکزی اہمیت حاصل ہے ۔

ملاقات میں فلپائن کے وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستانی ادویات بہت معیاری ہوتی ہیں ، فلپائن میں پاکستانی ادویات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے یہ فلپائنی عوام کا پاکستانی ادویات پر واضح اعتماد ہے ، دوطرفہ تعلقات کے استحکام ، تجارت میں اضافہ اور سرمایہ کاری، پا ک فلپائن عوام کو مزید ایک دوسرے سے قریب کررہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، قومی معیشت کی ترقی میں کراچی مرکزی کردار ادا کررہا ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں سرمایہ کاری ، تجارتی ، ثقافتی ، سماجی ،صنعتی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نئی صنعتوں کے قیام اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں ، فلپائنی سرمایہ کار بھی شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں انھیں فوری اور مطلوبہ نتائج سے بڑھ کر منافع یقینی ہے ، شہر میں صحت ، تعلیم ، انفرااسٹرکچر ، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش ہے ۔

متعلقہ عنوان :