انتخابات سے قبل کسی جماعت سے الحاق نہیں کریں گے،مصطفٰی کمال

منگل 17 اکتوبر 2017 18:53

انتخابات سے قبل کسی جماعت سے الحاق نہیں کریں گے،مصطفٰی کمال
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ ہم انتخابات سے قبل کسی جماعت سے الحاق نہیں کریں گے ،ہم کسی اتحاد کے بغیر اپنے نام و منشور پر انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے ،عوام پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ، صحت و صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال ، خستہ حال سڑکوں اور دیگر بنیادی مسائل سے دوچار ہیں ،سندھ کے 67لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں ،الطاف حسین نے اردو بولنے والوں کی نسلیں تباہ کردیں اب اس کے قول و فعل سے مہاجروں کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی ، اشفاق منگی ، افتخار رندھاوا ، نواب راشد علی خان ، عبدالحفیظ ، حیدرآباد کے صدر ندیم قاضی اور رضوان گدی بھی موجود تھے انہوں نے کہاکہ ہم انتخابات سے قبل کسی جماعت سے الحاق نہیں کریں گے ،ہم کسی اتحاد کے بغیر اپنے نام ونشان اور منشور پر انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

انتخابات میں جس کو عوام مینڈیٹ دے گی اس کے بعد اپنے منشور کے بعد اس سے ریفارم پر بات کریں گے اپنے دوست و دشمن کا تعین اس بات پہ ہو گا کہ نظام میں کون اچھی اصلاحات لاتا ہے اور عوام کی بہتری چاہتا ہے، انہوں نے کہاکہ سندھ کی عوام کو کچھ نہیں ملا شہروں کے مسائل تو اپنی جگہ دیہاتوں کا بھی برا حال ہے خستہ حال سڑکیں ، گٹرو نالیاں ابل رہی ہیں پینے کے صاف پانی کے لیے عوام ترس رہے ہیں صحت و صفائی کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے ہسپتال کا حال یہ ہے کہ غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتے ہیں ان کو دوائی نہیں ملتی تھر میں 2سو بچے غذا و دوائی نہ ملنے سے دنیا سے چلے گئے امن و امان کا معاملہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے ٹھٹھہ ،میر پور خاص ،مٹھی ، عمر کوٹ ، ڈگری ، جھڈو ، اسلام کوٹ ، جیمس آباد ، سانگھڑ ، نواب شاہ ، ہالا اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا ہے ہماری ٹیم کا جس والہانہ انداز سے استقبال ہو اہے اسے دیکھ کر مجھے لگا کہ میرے خواب کی تعبیر مجھے مل گئی ہے، عوام کی آنکھوں میں امید دیکھ رہا ہوں وہ تبدیلی لانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ اردو بولنے والوں کو بھی اعتماد ملا ہے کہ ایک شخص جس نے ان کا نام بدنام کیا اب اس سے انکا کوئی تعلق نہیں ہے بانی ایم کیو ایم کے قول و فعل سے اردو بولنے والوں نے اظہار لاتعلقی کردیا ہے اس شخص نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے ہزاروں افراد کو بھینٹ چڑھا دیا ہماری نسلیں تباہ کردیں ہیں لیکن لوگ سمجھ چکے ہیں اب ندیم نصرت ہی نہیں اسکے تمام قریبی ساتھی اس سے دور ہو تے جارہے ہیں الطاف حسین بچے کھانے والا انسان ہے وہ ندیم نصرت اور واسع جلیل کو کیسے چھوڑ دیتا تاہم میں ایم کیو ایم لندن و پاکستان کو ایک ہی نظر سے دیکھ رہا ہوں یہ اراکین پارلیمنٹ اور میئر و چیئرمینز فاروق ستار کے نہیں ہیں یہ ہدایت لندن سے لیتے ہیں ، رات کی پارٹیوں سے انہیں فرصت ملے تو یہ شہروں میں کچرے کے ڈھیر دیکھیں بلدیاتی اداروں میں ایم کیو ایم کا رومانس عوام کے ساتھ نہیں بلکہ مال کے ساتھ ہے کراچی و حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں میں کرپشن عروج پر ہے، انہوں نے کہاکہ یہ ان کی غلط فہمی ہے کہ عوام پتنگ کا نشان دیکھیں گے تو وہ گٹر و نالیوں کے پانی کو بھول جائیں گے اور اپنے مسائل سے چشم پوشی کرے گا مہاجر اتنا جاہل نہیں ہے وہ ن سے اپنے مینڈیٹ کا حساب مانگے گا، انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم تو ابھی ہمارا ہدف ہے بھی نہیں ابھی تو فرینڈلی فائر ہے جب اصل جنگ ہو گی تو انہیں چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم سے جو ایم این اے اور ایم پی اے ہمارے ساتھ آگئے ہیں فاروق ستار کہتا ہے کہ وہ استعفیٰ دیں تو فاروق ستار تمہار ا تو یہ مینڈیٹ ہی نہیں ہے پہلے تم استعفیٰ دو پھر بات کرو۔

ایک سوال کے جواب میں مصطفٰی کمال نے کہاکہ جو این ایف سی ایوارڈ صوبوں کو ملتا ہے اسے نچلی سطح پر منتقل ہو نا چاہئے ہر ضلع کو وسائل ملنا چاہئیں ہم ضلعوں کو اختیار و وسائل دونوں دیں گے، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے پانچ افراد نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ان میں ذونل کمیٹی سے لیکر یونٹ تک کے ممبران و سیکرٹریز شامل ہیں۔ حیدرآباد کے مقامی ہو ٹل میں تاجروں کی جانب سے پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کو ظہرانہ دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :