تحفظ ختم نبوتؐ اور اسلام دشمن سازشوں کے خاتمے کیلئے 20اکتوبر کوپنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے ‘ جماعت اسلامی

. راولپنڈی،لاہور،ملتان ،سرگودھا،گوجرانوالہ،ساہیوال،ڈیرہ غازی خان،فیصل آباد میں بڑے پروگرامات منعقد ہونگے،ہم منکرین ختم نبوتؐ کی کسی بھی سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

منگل 17 اکتوبر 2017 18:48

تحفظ ختم نبوتؐ اور اسلام دشمن سازشوں کے خاتمے کیلئے 20اکتوبر کوپنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ اور ختم نبوتؐ حلف نامے میں ہونے والی سازشیں کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔اس حوالے سے جماعت اسلامی اسلامی 20اکتوبرکو پنجاب بھر کے ڈویژنل ہیڈکورٹرز پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کاانعقاد کرے گی۔راولپنڈی ،لاہور،گوجرانوالہ،سرگودھا،ملتان ،ساہیوال ،ڈیرہ غازی خان،فیصل آباد سمیت کئی بڑے شہروں میں تحفظ ختم نبوتؐ کو یقینی بنانے اوراسلام دشمنوں کی سازشوں کوخاک میں ملانے کے لیے احتجاجی مظاہرے اور بڑے پروگرامات منعقدکیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کاحصہ ہے اور اس سے انکار کرنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ کے بیانات اکثرغیر دانشمندانہ ہوتے ہیں۔دینی معاملات پر لب کشائی کرنے سے پہلے وہ علماء اکرام سے مشورہ کرلیاکریں توزیادہ بہترہوگا۔صوبائی وزیر قانون کی جانب سے قادیانیوں کی حوصلہ افزائی شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب فوری طورپر انہیں عہدے سے برطرف کرکے توہین رسالتؐ کے تحفظ کے لیے کارروائی کریں۔راناثناء اللہ کی طرف سے وضاحتی بیان ناکافی ہے۔انہوں نے کہاکہ منکرین ختم نبوتؐ کے ہمدرد اسلام اور پاکستان کے اسلامی تشخص کے کھلے دشمن ہیں۔جماعت اسلامی کے بانی مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے ’’مسئلہ قادیانیت‘‘ لکھ کر کلمہ حق بلند کیاتھاجس کی پاداش میں انہیں جیل کی نہ صرف صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں بلکہ انہیں سزائے موت بھی سنائی گئی تھی مگر الحمدللہ ان کے جذبہ ایمانی میں ذرابرابربھی فرق نہیں آیاتھا۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے حکومت کی جانب سے ختم نبوتؐ کے حوالے سے ہونے والی سازش کو بے نقاب کرکے اپنے مرشدسید مودودیؒ کی یاد تازہ کردی ہے۔ہم اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں منکرین ختم نبوتؐ کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔