اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا استعمال ہمیشہ مسلم ممالک کے خلاف ہوا،امریکہ نے اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا‘ پروفیسر ساجد میر

اقوام متحدہ نے سعودی فوجی اتحاد کو بلیک لسٹ قراردے کر تعصب کا مظاہرہ کیا۔اسے فلسطین، کشمیر، عراق ،شام ، برمااور افغانستان میں ہونے والی مسلمانوں کی اموات کیوں نظرنہیں آتیں‘گفتگو

منگل 17 اکتوبر 2017 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) امیرمرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم ہمیشہ عالمی طاقتوں نے اپنے مخصوص مفادات کے تحت استعمال کیا،اقوام متحدہ نے سعودی فوجی اتحاد کو بلیک لسٹ قراردے کر تعصب کا مظاہرہ کیا ،رپورٹ حقائق کے منافی ہے،اقوام متحدہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے وہ موثر کردار ادا نہیں کرسکا جن مقاصد کیلئے عالمی فورم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا استعمال ہمیشہ مسلم ممالک کے خلاف ہوا ہے۔

سکرود کے تنظیمی دورے سے قبل ائیرپورٹ پر میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ا قوام متحدہ کو فلسطین، کشمیر، عراق ،شام ، برمااور افغانستان میں ہونے والی مسلمانوں کی اموات کیوں نظرنہیں آتیں۔

(جاری ہے)

دنیا میں بدامنی اسی دوہرے معیار کا نتیجہ ہے ۔رپورٹ میں غلط اعداد و شمار کا مقصد عوام کوگمراہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی فوجی اتحاد کی فورسز یمن میں مقامی لوگوں کی حفاظت کے لے گئی ہیں تاکہ یمنیوںکو حوثی باغیوں کے حملوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے بچوں کے لیے سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کو تین کروڑ ڈالر کی مدد فراہم کی ہے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دراصل غیر مسلم استعماری طاقت کا استعارہ ہے، جس میں ایک بھی اسلامی ملک شامل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی پانچ سپر طاقتوں میں ایک بھی اسلامی ملک کا نہ ہونا خود اقوام متحدہ کے منشور پر سوالیہ نشان اٹھاتا رہا ہے کہ جس میں تمام ممالک و بنی نوع انسان میں برابری کی سطح پر حقوق دینے کی بات کی گئی ہے۔

خاص طور پر امریکہ نے اقوام متحدہ کو اپنے مفادات کے لئے جس طرح استعمال کیا ہے، اس سے پوری دنیا میں جنگ کے سائے محیط رہتے ہیں اور جہاں امن نہیں ہے وہاں بے امنی بنیادی وجہ امریکی جارحانہ خارجہ و مالیاتی پالیساں ہیں۔ امریکی جارحیت کا تحفظ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کرتی ہے۔