نایاب پرندوں کے غیر قانونی شکار کیخلاف درخواست پر حکومت،محکمہ جنگلی حیات اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری

منگل 17 اکتوبر 2017 18:00

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)لاہور ہائیکورٹ نے تلور تیتر ،کونج اور نایاب پرندوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف دائر درخواست پر حکومت،محکمہ جنگلی حیات اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کلیم الیاس ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت تلور سمیت دیگر نایاب پرندوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور قانون ایسے پرندوں کے شکار کی اجازت نہیں دیتا جن کو تحفظ فراہم کیا گیا ہو، جس سے تلور نسل معدوم ہونے کا خدشہ ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کا جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ شکار کرنے سے تلور نسل کی بقاء کو کوئی خطرہ نہیں۔

جس پرعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور عالمی ادارے کی رپورٹ میں تضاد ہے،سپریم کورٹ بھی تلور نسل کی بقاء کے حوالے سے اپنی آبزرویشن دے چکی ہے،عدالت جائزہ لے گی کہ تلور نسل کی بقاء کو خطرات لاحق ہیں یا نہیں ۔عدالت نے حکومت،تحفظ جنگلی حیات اور برڈ لائف انٹرنیشنل سے رپورٹ طلب کر لی ۔