قائد ایوان سینٹ کی پاکستان کے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا چوتھی بار رکن بننے پر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو مبارکباد

پاکستان کا پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا عالمی سطح پر بڑی کامیابی ہے، سینیٹر راجہ ظفرالحق

منگل 17 اکتوبر 2017 18:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) قائدا یوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے پاکستان کے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا چوتھی بار رکن بننے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر رکن بننا عالمی سطح پربڑی کامیابی ہے جس کیلئے پوری قوم، وفاقی حکومت، وزارت خارجہ امور اور بالخصوص اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی مبارکباد کی مستحق ہیں، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن بننے کیلئے 97 ووٹو ں کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ عالمی برادری نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 151ووٹ دیئے جس سے پاکستا ن کی تنہائی کا تاثر بھی ختم ہوگیا، پاکستان جنیوا میں انسانی حقوق و دیگر معاملات پر مؤثر کردار ادا کرسکے گا۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواریوں کی مخالفت کے باوجود اتنے زیادہ ممالک کی پاکستان کی حمایت ایک تاریخی کامیابی ہے جس سے کشمیر ، فلسطین اور روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کے معاملے کی پہلے سے زیادہ موثر طریقے سے حمایت کی جا سکے گی۔