کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شہریوں کی شکایات کو سائنسی بنیادوں پر حل کرنے کی جانب ایک خوشگوار قدم ہے، شیخ انصر عزیز

منگل 17 اکتوبر 2017 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شہریوں کی شکایات کو سائنسی بنیادوں پر حل کرنے کی جانب ایک خوشگوار قدم ہے، ٹریکنگ کی سہولت سے لیس کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شہریوں کی شکایات کے برق رفتار ازالہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں چیف کمپلینٹ آفس کی ماہ ستمبر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میںمتعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں کے بہترین مفاد میں چیف کمپلینٹ آفس کو کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے زیادہ استفادہ کرنا چاہئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے وضع کردہ یہ نظام پیچیدہ مسائل کا سائنسی حل فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کی سہولت میں اضافہ کیلئے مزید سائنسی نظام وضع کردہ نظام کی سہولت میں اضافے کیلئے مزید سائنسی نظام وضع کیے جائیں، میئر اسلام آباد و چیئرمین شیخ انصر عزیز نے مزید کہا۔

سی ڈی اے کا چیف کمپلینٹ آفس میں گذشتہ ماہ ستمبر کے دوران مختلف شعبوں سے متعلق 904 شکایات موصول ہوئیں جن کو ازالہ کیلئے متعلقہ شعبوں کو بھجوا دیا گیا۔ مزید برآں شکایت کنندگان کو انکی شکایات پر ہونے والی کاروائی سے بھی آگاہ رکھنے کیلئے مؤثر نظام بھی مرتب کیا گیا ہے۔ موصول ہونے والی شکایات میں سب سے زیادہ شکایات 341 سٹریٹ لائٹس کے شعبہ سے متعلق جبکہ سینی ٹیشن سے متعلق 153 اور واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ سے متعلق 152 شکایات موصول ہوئیں۔

موصول ہونے والی ان شکایات میں سے سب سے زیادہ سیکٹر G-7 سے موصول ہونے والی شکایات 145 شمار کی گئیں۔ اسی طرح موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا گیا جس میں سب سے زیادہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ نے 153 میں سے 147 شکایات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ سب سے زیادہ زیر شکایات جن کے ازالہ کیلئے کام جاری ہے واٹر سپلائی سے متعلق125 شکایات ہیں۔ یہ تمام شکایات شہر کے مختلف علاقوں سے موصول ہوئیں جن کا ازالہ کیا گیا۔