پی پی کی سندھ حکومت کرپشن و لوٹ مار کرکے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہے ،سندھ نیشنل فرنٹ

سندھ کے عوامی خزانے کو باپ کی جاگیر اور مال غنیمت سمجھ کر بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے ، انور گجر ،رزاق باجوہ

منگل 17 اکتوبر 2017 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کرپشن ، مارٹ مار کرکے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ سندھ کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار زرداری ٹولہ ہے ۔

سندھ کے نااہل حکمرانوں اور بدکردار سیاست دان وڈیروں ، جاگیر داروں نے یہاں کے عوام کو مایوسی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔ عوام کے مسائل دلدل میں بری طرح دھنسیں ہوئے ہیں ، کرپشن ، لاقانونیت ، بدامنی ، مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت عروج پر ہے اور ہر طرف کرپشن لوٹ مار کی منڈی لگی ہوئی ہے ۔ حکمرانوں نے کرپشن کو جائز بنا کر مال حرام اور کرپشن کو ثقافت کا حصہ بنا دیا ہے اور سندھ حکومت نے مظلوم عوام کو ہر بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

تعلیم ، صحت ، صفائی و ستھرائی کی صورت حال ناقص ہے اور پورے سندھ کے روڈ ، راستے ، سڑکیں اور شاہراہیں حکومت کی بے بدی کا منظر کر رہی ہیں اور عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ۔ کراچی سمیت پورا سندھ کھنڈرات اور کچرا کنڈی کی شکل میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ زرداری لیگ کے وڈیرے اور جاگیر دار سندھ کے عوام کو یرغمال بنا کر انہیں غلامبنانے پر تلے ہوئے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ہے ۔ سندھ کے عوامی خزانے کو باپ کی جاگیر اور مال غنیمت سمجھ کر بے دردی سے لوٹا اور زرداری خاندان کی عیاشیوں پر لٹایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ پی پی عوام کو روٹی کپڑا اور مکان دینے کے نام پر ووٹوں کی بیگ مانگ کر اقتدار حاصل کرکے سندھ کے عوام پر نازل ہوئے ہیں ۔

لیکن روٹی ، کپڑا ، مکان کا نعرہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کے لیے نہیں بلکہ پی پی والوں نے خود اپنے لیے اور کرپٹ جیالوں کا پیٹ اور بینک بیلنس بھرنے کے لیے ہی لگایا تھا اور سندھ کے غریب عوام آج بھی دو وقت کی روٹی سے محروم غربت کے باعث فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ نااہل حکمران کرپشن نہیں بلکہ ہڑپشن کر رہے ہیں ۔ سندھ کے صوبائی وزراء ، ممبر اور جیالوں نے سندھ کے بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پر دی جانے والی نوکریوں کی خریدو فروخت کی سیل لگائی ہوئی ہے اور من پسند اسمبلی ممبران اور جیالوں کو نوکریوں کا کوٹہ دے کر میرٹ کا جنازہ نکال کر غریب بے روزگار نوجوانوں کے پیٹ پر لات ماری جا رہی ہے ۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سندھ کے عوام کے ساتھ سب سے بڑا دھوکہ ہی نہیں بلکہ ایک فراڈ ہے ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہاکہ الیکشن قریب آتے ہی زرداری ٹولہ سندھ اور عوام کی بچی کچی ہڈیاں چبانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سندھ کے عوام کو سنہری خواب دکھانے کے لیے عوامی خزانے پر ہی جلسے جلوس نکال کر بھڑکیں مار رہے ہیں ۔ حیدر آباد کا جلسہ بھی سندھ کے عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے سرکاری خزانے پر بوجھ ہے۔

متعلقہ عنوان :