کراچی یونائیٹڈ یوتھ لیگ میں کورنگی اور منگھوپیر اکیڈمیز کی واضح برتری حاصل

منگل 17 اکتوبر 2017 17:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) کراچی یونائیٹڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایس سی بی کے تعاون سے جاری کراچی یونائیٹڈ یوتھ لیگ 2017 میں مزید 6 میچز کھیلے گئے۔ گروپ ’اے‘ میں کھیلے گئے تین میچوں میں کورنگی اکیڈمی نے انڈر12میں ناکامی کے بعد انڈر14اور انڈر16میں یکے بعد دیگرے کامیابی حاصل کی جبکہ گروپ ’بی‘ میں منگھوپیر اکیڈمی نے تین کیٹگری میںہونے والے مقابلوں میں نیول اکیڈمی کیخلاف کلین 2-1سے کامیابی حاصل کی۔

کراچی یونائیٹڈ اسٹیڈیم کلفٹن پر کھیلے گئے انڈر12میں کورنگی اکیڈمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کراچی یونائیٹڈ یوتھ اکیڈمی کلفٹن کو 4-1سے ٹھکانے لگایا۔ رانا احمد نے چوتھے منٹ میں کورنگی اکیڈمی کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز کیا اور دو منٹ بعد ایان بخاری نے دوسرا گول بنایا ۔

(جاری ہے)

سلال نے 16ویں منٹ میں تیسرا جبکہ آخری گول فاتح ٹیم کیلئے ریان خان نے 21منٹ میں اسکور کیا۔

ناکام سائیڈ کا واحد گول محمد عاصم نے 17ویں منٹ میں بنایا۔انڈر14میں کورنگی اکیڈمی کو2-1سے کامیابی ملی۔ شیراز نے فاتح ٹیم کیلئے دونوں گول دوسرے ہاف میں 29ویں اور 39ویں منٹ میں اسکور کئے۔ رافع نے 10ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے خسارے کو 1-2کیا۔انڈر16 میں ایک بار پھر کورنگی اکیڈمی کا پلہ بھاری رہا تاہم فتح کا مارجن کم ہوگیا جب صرف رضا محمد کے 24ویں منٹ میں کئے ہوئے گول کی بدولت انہیں کے یو یوتھ اکیڈمی کلفٹن پر 1-0کی برتری حاصل ہوئی۔

منگھوپیر کے گرم چشمہ گراؤنڈ پر منگھوپیر اکیڈمی اورنیول اکیڈمی کے مابین نے انڈر12میں کھیلا جانے والا مقابلہ 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ تاہم انڈر14میں منگھوپیر اکیڈمی کو نیول اکیڈمی پر 1-0کی سبقت حاصل ہوئی۔ فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کیلئے اسامہ نے 7ویں منٹ میں بنایا۔انڈر16میں ایک بار پھر منگھوپیر اکیڈمی فاتح رہی جب انہوں نے حریف نیول اکیڈمی کو 2-0سے ناکام کیا۔ دونوں ہاف میں ایک ایک گول اسکور کیا گیا ۔ عادل نے 19ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے کیا اور معاز نے 31ویں منٹ میں دوسرا گول بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کو 2-0سے یقینی بنادیا۔

متعلقہ عنوان :