کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق دو زخمی،

پولیس نے اتحاد ٹائون اور بلدیہ ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے 10افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی

منگل 17 اکتوبر 2017 17:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) کراچی کے مختلف علاقوں میںواقعات میں ایک شخص جاں بحق دو زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے اتحاد ٹائون اور بلدیہ ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے 10افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق سپر ہائی وے کے قریب واقع ہنگورا گوٹھ میں پیر کی شب جھگڑے کے دوران کلہاڑی کے وار سے 45 سالہ نندو خان ولد ریحان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی،پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر پیر کی شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دوا فراد نعمان اور شاہنواز زخمی ہوگئے،زخمیوں کو سول اسپتال میں طبی امداد دی گئی،پولیس کے مطابق زخمی نعمان پولیس کانسٹیبل ہے،پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی بھاری نفری نے پیر اور منگل کی درمیانی شب بلدیہ ٹائون سیکٹر9 بی لغاری چوک کے اطراف سرچ آپریشن کیا،پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور کئی گھروں کی تلاشی لی،اس دوران متعدد افراد کی بائیو میٹرک ڈیوائس کے ذریعے تصدیق کی گئی،پولیس نے سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

اتحاد ٹائون پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان مشتاق ولد منشا ،ندیم ولد یونس اور مشتاق ولد جلال الدین کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو کلوگرام چرس برآمد ہوئی،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :