سرگودہا میں سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری

منگل 17 اکتوبر 2017 16:50

سرگودھا۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرگودہا میں سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے ۔ ان منصوبوں میں شہر بھر میںاربن سیوریج ‘ ڈرینج ‘ واٹر سپلائی پائپ لائن ‘ سولنگ ‘ پی سی سی ‘ ٹف پیور ‘ سلگ کیئریر وغیرہ کی 24 سکیمیں شامل ہیں، ان سکیموں پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زیر انتظام کام شروع ہو چکاہے ۔

وہ سٹی ڈویلپمنٹ پیکج پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور سکیموں کی کوالٹی آف ورک کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ ایم پی ایز ڈاکٹر نادیہ عزیز‘ عبدالرزاق ڈھلوں ‘ چوہدری عبدالرشید اور ایکسین پبلک ہیلتھ انوار الحق طو رکے علاوہ سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی سکیمیں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سکیموں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ محکمہ پبلک ہیلتھ کو فوری طورپر کام شروع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب ان سکیموں کی تکمیل میں خود دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے فنڈز کی فراہمی کی بھر پور یقینی دہانی کرادی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سکیموں میں تاخیر ی حربے ہر گز برداشت نہیں کئے جائیںگے ۔ غیر ذمہ داروں کو بلیک لسٹ کر دیا جائیگا ،جبکہ محنتی ٹھیکیداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے اچھی شہرت کے حامل ٹھیکیداروں کی پری کوالیفکیشن کر کے کام الاٹ کر دیئے ہیں۔ ان سکیموں کیلئے 50فیصد فنڈز مہیا بھی کر دیئے گئے ہیں جبکہ بقایا فنڈز اگلے سال جنوری میں جاری کر دیئے جائیںگے ۔