کوریائی سیاحوں کو پاکستان آمد پر راغب کیا جا سکتاہے ،چوہدری عبدالغفور

منگل 17 اکتوبر 2017 16:41

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے جنوبی کوریا کے دورے کے چوتھے روز سینئر وائس منسٹر برائے سیاحت و ثقافت ناجونگ من سے ملاقات کی اور کہا کہ کوریا کی سیاحت اور جدید ٹیکنالوجی میں نمایاں ترقی دنیا بھر میں مشہور ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال مختلف ملکوں کا دورہ کرتی ہے۔

اگر ٹور آپریٹرز پاکستان سے متعلق درست معلومات اور ٹور پیکجز فراہم کریں تو کوریائی سیاحوں کی بڑی تعداد کو پاکستان آمد پر راغب کیا جا سکتاہے۔ اس ضمن میں پاکستانی سفارتخانہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن اس سلسلے میں تمام معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے اور مستقبل ِ قریب میں سیاحتی تعاون پر معاہدہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کوریا کی بڑی عوام بدھ مت سے تعلق رکھتی ہے جبکہ پاکستان میں اس مذہب کے بے شمار مقدس مقامات موجود ہیں ۔ مناسب تشہیر اور بین الاقوامی سطح پر ترویج سے خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ کوریا اور پاکستان کے مابین ڈٖائریکٹ فلائٹس نہیں ہیں جو سیاحوں کی تعداد میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ مستزاد یہ کہ مغربی میڈیا کے منفی پراپگینڈہ نے پاکستان میں امن و امان سے متعلق منفی تاثر پیش کیا ہو ا ہے جبکہ صورتحال اس کے بالکل بر عکس ہے۔

پاکستان سیاحوں کیلئے ایک مکمل پُر امن ملک ہے جہاں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ صرف بدھمت کے سیاح ہی نہیں بلکہ پاکستان میں ہر قسم کے سیاح کیلئے دلچسپی کے مواقع موجود ہیں۔ پہاڑ، دریا، وادیاں، جھیلیں، صحرا سمندر، الغرض کونسی ایسی سیاحتی دلچسپی ہے جو پاکستان میں موجود نہیں۔ہم انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اورجدید ٹیکنالوجی کیلئے کورئین سرمایہ کاری اور معاونت کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :