کاشت سے قبل گندم کا بیج سیڈ گریڈر کے ذریعے صاف کروایا جائے‘محکمہ زراعت

منگل 17 اکتوبر 2017 16:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) محکمہ زراعت راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار گندم کی کاشت کیلئے صاف ستھرا بیج استعمال کریں جبکہ بوائی کے لئے پہلی فصل کا ذخیرہ شدہ بیج کاشت سے قبل سیڈ گریڈر کے ذریعے صاف کروایا جائے ۔ ترجمان نے بتایاکہ کاشتکاروں کے لئے شعبہ زراعت (توسیع )کے تمام مراکز کی سطح پرسیڈ گریڈرز کی مفت سہولت مہیا کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان سے نہ صرف گندم کے بیج کی بہت اچھی طرح صفائی ہو جاتی ہے بلکہ سیڈگریڈر سے بیج گندم کے چھوٹے اور بیمار دانوں کے علاوہ جڑی بوٹیوں کے بیجوں سے بھی پاک ہو جاتا ہے۔ گندم کے کاشتکاروں کو چاہئے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور بوائی سے پہلے بیج کو سیڈ گریڈر سے اچھی طرح صاف کرو ا لیں۔ بوائی سے قبل ذخیرہ کردہ بیج کا شرح اگائو معلوم کرلیں۔ بیج کے اگائو کی شرح 85 فیصد سے ہر گز کم نہیں ہونی چاہیے بصورت دیگر شرح بیج میں مناسب اضافہ کرلیں ۔