حج پربھیجنے کے نام پرلوگوں کو لوٹنے والے حج گروپ ارگنائزرز کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جمع کرائی جائے،سینیٹ مجلس قائمہ کی ہدایت

منگل 17 اکتوبر 2017 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی نے وزارت مذہبی امور کولوگوں کو حج پربھیجنے کے نام پرلوٹنے والے حج گروپ ارگنائزرز کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہی جبکہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ نئے اورپرانے حج گروپ آرگنائزرز کو معطل کردیا گیا ہے اور حج گروپ آرگنائزرز کی چھانٹی کیلئے چارٹرڈ اکاونٹس فرمز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ نئی رویت ہلال کمیٹی میں چیئرمین سمیت 15 ارکان شامل ہوں گے، اسی طرح صوبائی اورضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین کی تعداد چئیرمین سمیت 13،13 ہوگی۔

کمیٹی کا اجلاس سینیٹر حافظ حمداللہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین ، وزارت مذہبی امور کے حکام اوردیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے حالیہ حج سیزن کے دوران حج کے نام پر شہریوں کولوٹنے والے حج گروپ ارگنائزرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔حالیہ حج آپریشن کے حوالے سے پراپیگنڈا کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس میں حج گروپ ارگنائزرز مافیا ملوث ہے جو اپنے حج کوٹہ میں کمی کے فیصلے کو غلط ثابت کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے باکفایت حج پیکجز اورمسابقت کو یقینی بنانے کیلئے وزارت مذہبی امور کو مزید حج گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کی ہدایت کی۔وزیر مملکت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات شاہ نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت نے نئے اورپرانے حج گروپ آرگنائزرز کو معطل کردیاہے اور حج گروپ آرگنائزرز کی چھانٹی کیلئے چارٹرڈ اکاونٹس فرمز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

کمیٹی نے وزارت کو نئی رویت ہلال کمیٹی کے قیام کیلئے آئندہ منگل تک مسودہ قانون کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ نئی رویت ہلال کمیٹی میں چئیرمین سمیت 15 ارکان شامل ہوں گے، اسی طرح صوبائی اورضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کی اراکین کی تعداد چئیرمین سمیت 13،13 ہوگی۔چئیرمین اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ 20سالہ تدریسی تجربے کا حامل ہوگا، صوبائی اورضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے چئیرمینز کیلئے تدریسی تجربہ کی مدت بالترتیب 15اور 10 سال مقرر کی گئی ہے۔کمیٹی نے گزشتہ چار برسوں میں وزارت کی طرف سے سعودی عرب بھجوائے جانیوالے معاونین اورحج میڈیکل مشن کے ارکان کی فہرست اور اقلیتی برادریوں کی تقریبات پر وزارت کی طرف سے خرچ کردہ رقوم کی تفصیلات بھی طلب کرلی۔

متعلقہ عنوان :