صوبہ پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 9 ارب روپے سے زائد کی منظوری

منگل 17 اکتوبر 2017 16:28

صوبہ پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 9 ارب روپے سے زائد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 23ویںاجلاس میں ریجنل پلاننگ، ایجوکیشن اور پبلک بلڈنگ سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 52کروڑ 77لاکھ روپے کی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کی23ویں اجلاس میں جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں جنوبی پنجاب غربت کے خاتمے کے سلسلہ میں سادرن پنجاب پاورٹی ایلیویشن پراجیکٹ(ترمیمی) کیلئے 7 ارب 56 کروڑ 57 لاکھ 80 ہزار روپے، صوبہ پنجاب میں اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے ضمن میں ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کیلئے 58 کروڑ 47 لاکھ 65 ہزار روپے اور ضلع لاہور میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں ٹریننگ لیبارٹری کی تعمیر کیلئے 1 ارب 37 کروڑ 71 لاکھ 55 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :