نواز شریف عوام کے حقیقی لیڈر ، 2018ء میں بھی عوام کامیاب کرا کے سازشیوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے‘ مریم نواز

منگل 17 اکتوبر 2017 16:24

نواز شریف عوام کے حقیقی لیڈر ، 2018ء میں بھی عوام کامیاب کرا کے سازشیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے ثابت کردیا کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے اور نواز شریف عوام کے حقیقی لیڈر ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں بھی عوام مسلم لیگ (ن) کو ہی کامیاب کرائیں گے اور سازشیوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 120میں (ن) لیگ کی شاندار کامیابی کے بعد مریم نواز حلقے کے عوام سے اظہار تشکر کے لئے مسلسل دوسرے روز مزنگ میں واقع (ن) لیگ کے مرکزی دفتر پہنچیں ، جہاں انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور مختلف یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے چیئرمینوں سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی اور ضمنی انتخاب میں بھرپور مہم چلانے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حلقے اور عوام کے مسائل دریافت کئے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اسکے بعد مریم نواز نے یونین کونسل اٹھاون کا دورہ کیا، اس موقع پرکارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیااور ان پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ این اے 120کی عوام نے ثابت کردیا کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، نواز شریف کو دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔

انہوں نے کہا کہ این اے 120کی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونے کا وقت آ گیا ہے، ہم صاف پانی کی فراہمی سمیت عوام کے دیگر مطالبات پورے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے اور نواز شریف عوام کے حقیقی لیڈر ہیں، کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں بھی عوام شیر کو کامیاب کروائیں گے اور سازشیوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔بعد ازاں مریم نواز نے اسلام پورہ عمر روڈ پر یونین کونسل 56کے کونسلر علی ذوالقرنین لالی ( مرحوم ) کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔یاد رہے کہ علی ذوالقرنین لالی این اے 120کے ضمنی انتخاب والے دن انتقال کر گئے تھے ۔