تاجر برادری لائنس شدہ پراڈیکٹس کی فروخت یقینی بنانے کی کوششوں میں تعاون کرے، تاجر برادری تعاون کرے، تاجر برادری ایسا فول پروف طریقہ کار وضع کرے تا کہ دکانوں پر صرف لائنس شدہ اشیاء دستیاب ہوں جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا

پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد خالد صدیق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب

منگل 17 اکتوبر 2017 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد خالد صدیق نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اتھارٹی کی جانب سے دکانوں پر چھاپے مارنے کی وجہ سے تاجر برادری کو جو مسائل درپیش آ رہے ہیں ان کو تفصیل سے سنا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ تاجر برادری میں کسی قسم کا خوف و ہراس پیدا کرنا نہیں چاہتا بلکہ وہ صرف دکانوں پر لائنس شدہ اشیاء کی دستیابی و فروخت کو یقینی بنانا چاہتا ہے تاکہ دکانداروں اور صارفین کے مفادات کابہتر تحفظ ہو لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کوششوں میں تاجر برادری ان کے ساتھ تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ان کے ادارے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسلام آباد کو لائنس شدہ اشیاء کی فروخت کے لحاظ سے مثالی شہر بنایا جائے اوراس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے انہیں تاجر برادری کا تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ایسا فول پروف طریقہ کار وضع کرے تا کہ دکانوں پر صرف لائنس شدہ اشیاء دستیاب ہوں جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا، صارفین کو اعلیٰ معیار کی اشیاء دستیاب ہوں گی اور ان کے ادارے کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنے اور لائنس شدہ اشیاکی فروخت یقینی بنانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت نہ تو کاروباری برادری کے مفاد میں ہے اور نہ ہی صارفین کے مفاد میں لہذا تاجر برادری غیر معیاری مصنوعات کی حوصلہ شکنی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ادارے نے لائنس شدہ ایشیاء کی لسٹ فراہم کرنے کیلئے ایک ایپلی کیشن تیار کی ہے جس کو موبائل فون پر پر ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ایس کیو سی اے اور تاجر برادری کے نمائندگان پر مشتمل دو کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ایک کمیٹی مینوفیکچرر ز کے ساتھ کام کرے گی اور دوسری کمیٹی ریٹیلرز کے ساتھ کام کرے گی تا کہ صرف لائنس شدہ ایشاء کی پیداوار اور فروخت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ایس کیو سی اے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے آگاہی سمینارز منعقد کرے گی تا کہ تاجر برادری کو کوالٹی اور معیار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ کیا جا سکے اور ان معیارات کو اپنانے میں ان کے ساتھ تعاون کیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بعض مشہور ریٹیلرز نے مدتوں کی محنت سے اپنا ایک برانڈ نام بنایا ہے لیکن پی ایس کیو سی اے کی جانب سے پولیس کے ہمراہ دکانوں پر چھاپوں سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچ رہا ہے لہذا ایسی کاوورائیوں سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری بھی یہی چاہتی ہے کہ دکانوں کو اعلیٰ معیار اور کوالٹی کی اشیاء سپلائی کی جائیں تاہم ان کو تمام لائنس شدہ پراڈیکٹس کی فروخت یقینی بنانے کیلئے کچھ وقت چاہیے کیونکہ فوری طور پر ایسا کرنا ان کیلئے مشکل ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دکانوں پر چھاپے مارنے کی بجائے پی ایس کیو سی اے بات چیت کے ذریعے لائنس شدہ اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کی کوشش کرے جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہو گی اور مطلوبہ مقاصد بھی حاصل ہوں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے کہا کہ چیمبر دکانوں پر لائنس شدہ اشیاء کی دستیابی و فروخت کو یقینی بنانے کی کوششوں میں پی ایس کیو سی اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تاہم جبری اقدامات سے گریز کیا جائے۔

ظفربختاوری، محمد اعجاز عباسی، عاطف اکرام شیخ، محمد حسین، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنے اور لائنس شدہ مصنوعات کی دستیابی و فروخت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی مفید تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :