ماہر طبیب، دانشور، مفکر اور عظیم محب وطن شہید حکیم محمد سعید کی19ویں برسی ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منائی گئی

چھوٹے بڑے شہروں میں ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات،ن کی عظیم خدمات کو سراہا گیا

منگل 17 اکتوبر 2017 16:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) ماہر طبیب، دانشور، مفکر اور عظیم محب وطن شہید حکیم محمد سعید کی19ویں برسی منگل کو ملک بھر میں عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی اس موقع پر کراچی، پشاور، لاہور، اسلام آباد/راولپنڈی کے علاوہ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں حکیم محمد سعید کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات ہمدرد کے تمام مراکز، ہمدرد یونیورسٹی اور ہمدردفائونڈیشن کے مختلف مراکز میں منعقد ہوئیں جن میں ان کی عظیم خدمات کو سراہا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

اراکینِ شوریٰ ہمدرد، وکلا، اساتذہ، طلبہ اور سماجی شخصیات نے شاندار الفاظ میں اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس سلسلے میں ہمدرد مرکزراولپنڈی، انجمن فیض الاسلام میں قرآن خوانی و دعاکا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منیجر تعلقاتِ عامہ ہمدرد حیات محمد بھٹی، رکن شوریٰ ہمدرد نعیم اکرم قریشی اور دیگر مقررین نے اظہارخیال میں کہا کہ شہید حکیم محمد سعید نے اپنی ساری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کی۔

ملک و قوم کو صحیح سمت گامزن کرنے کے لیے انہوں نے اپنی زندگی وقف کردی اورسیاسی، سماجی، تعلیمی اور طبی میدان میںبے شمار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے اور اسی دوران ہی انہیں شہادت کا رتبہ ملا۔ ان کے نمایاں کارناموں میں طب مشرق کی ترویج و ترقی، مدینة الحکمة،ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد ولیج اسکول، ہمدرد یونیورسٹی، ہمدردلیبارٹریز، ہمدرد فائونڈیشن، نونہال اسمبلی اور شوریٰ ہمدرد کا قیام شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :