مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد کے برہان مظفر وانی شہید چوک میں احتجاجی مظاہرہ‘ بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی

منگل 17 اکتوبر 2017 15:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی ،خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآباد کے برہان مظفر وانی شہید چوک میں احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین کا اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر تک مارچ، بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی، سینکڑوں افراد کی شرکت، بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میںخواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ بند کرے، بھارت نے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے۔

مسئلہ کشمیر حل کیئے بغیر برصغیر میں دیرپا امن ممکن نہیں، کشمیری عوام اپنے مسلمہ پیدائشی حق’’ حق خودارادیت‘‘ کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے سید فیض نقشبندی، محمود احمدساغر، سید اعجاز احمد شاہ، عبدالمجید میر، اشتیاق حمید، دائود خان، میاں مظفر ، پی پی رہنما شوکت جاوید میر ، انٹرنیشنل فورم کے مشتاق الاسلام، کل جماعتی مہاجرین کونسل کے نشاد بٹ، مہاجرین ایکشن کمیٹی کے گوہر کشمیری، ارشاد بٹ ، لبریشن لیگ کے محفوظ انقلابی کا خطاب۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی ،خواتین کی بے حرمتی اور چوٹیاں کاٹنے کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام برہان مظفر وانی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے علاوہ مہاجرین و انصار نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ برہا ن مظفر وانی شہید چوک میں مظاہرین نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر مقررین نے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین اور نوجوانوں کی مسلسل نظر بندی اور آئے روز شبانہ چھاپوں کی شدید مذمت کی ، مقررین نے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور کشمیریوں کے جائز حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت دیگر مقررین نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیئے بغیر برصغیر میں دیر پا امن ممکن نہیں کشمیری عوام اپنے مسلمہ پیدائشی حق’’ حق خودارادیت‘‘ کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بھارتی قابض افواج پناہ مظالم کے باوجود کشمیری عوام کی تحریک آزادی سے وابستگی اور عوامی اجتماعات کا لا متناعی سلسلہ روکنے میں ناکام ہوئی تو وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔

مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کو پابند سلاسل، انٹرنیٹ پر پابندی اور اخبارات میں بندش سے بھارت نے کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر پردہ ڈالنے کی مذموم کوشش کی۔ کشمیری قیادت کو اپنے مقصد سے ہٹانے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کیلئے بدنام زمانہ خفیہ ادارے NIAکو متحرک کیا جس نے سیاسی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں حراساں کرنے کی مذموم کوشش کی۔

بھارتی جانبدار میڈیا نے تحریک آزادی سے وابستہ سرکردہ رہنمائوں کے خلاف کردار کشی کی اور ایک زدور مہم چلائی جس کا مقصد کشمیری عوام میں اپنی قیادت کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کرنی ہیجس میں بھارت بری طرح ناکام ہوا ہے۔ ان تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کے تحریک آزادی کو عروج ملا، انشاء اللہ کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔ مظاہرین نے برہان مظفر وانی چوک سے اقوام متحدہ کے مبصرمشن دفتر تک مارچ کیا اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

ریلی کے اختتام پر قاری بلال احمدفاروقی نے شہداء کے بلندی درجات اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے خصوصی دعا کی ۔ مظاہرے میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے عزیر احمد غزالی، لیاقت اعوان، راجہ عارف، راجہ افتیاز، حمزہ شاہین، چوہدری فیروز دین، مشتاق کرناہی، شفیق انقلابی ، جمال چوہدری و دیگر بھی شریک ہوئے۔