یونیورسٹی آف ساہیوال کے تمام شعبوں میں نئے داخلے اگلے ماہ سے شروع ہونگے

منگل 17 اکتوبر 2017 15:12

چیچہ وطنی۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) یونیورسٹی آف ساہیوال کے تمام شعبوں میں نئے داخلے اگلے ماہ سے ہونگے جس کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ طلبا و طالبات کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو،یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن اور یونیورسٹی آف ساہیوال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بابر حیات تارڑنے ایک اجلاس کے دوران بتائی،ڈائریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق حسین بھی اس موقع پر موجود تھے،انہو ںنے بتایا کہ نئے داخلوں سے متعلق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات انتہائی مفید رہی اور کمیشن کی ہدایات کے مطابق یونیورسٹی کی فکیلیٹی میں اضافے سمیت متعدد اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیںتاکہ نومبر میں نئے داخلے ہو سکیں ،انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں خزانچی ،کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کی اہم پوسٹوں پر تقرر اور دیگر انتظامی معاملات کیلئے یونیورسٹی سنڈیکیٹ کا اہم اجلاس اس ماہ منعقد ہو گا، جس کی صدارت چیئر مین سنڈیکیٹ اور صوبائی ڈائریکٹر محکمہ ہائر ایجوکیشن کریں گے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی فیکلٹی کیلئے اشتہار بھی جلد اخبارات میں شائع ہو جائے گا تا کہ تمام شعبوں میں اساتذہ کی کمی کو نئی کلاسز شروع ہونے سے پہلے پورا کیا جاسکے،کمشنر بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق یونیورسٹی کیلئے نئی کتابوں کی خریداری کیلئے بجٹ مختص کر دیا گیا ہے اس کے ساتھ تمام امتحانی نظام کو بھی فول پروف بنایا گیا ہے اور طلبہ و طالبات کی ریسرچ کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت ہر شعبے میں یقینی بنائی گئی ہے -

متعلقہ عنوان :