کار ساز کے شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو محفوظ رکھا، وزیراطلاعات سندھ

منگل 17 اکتوبر 2017 15:11

کار ساز کے شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر اپنی قائد شہید محترمہ ..
جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) سندھ کے وزیر برائے محکمہ اطلاعات،لیبراور ٹرانسپورٹ سید ناصرحسین شاھ نے کارساز سانحے کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کار ساز کے شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو محفوظ رکھا اگرچہ محترمہ بے نظیر بھٹواس حملے میں محفوظ رہیں مگراس حملے نے پورے ملک سمیت پوری دنیا کو سوگوار کر دیا۔

اس حملے میں شہید ہونے والے سب کے سب عام کارکن اور پیپلزپارٹی کے جیالے تھے جن کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ضلع کونسل جامشورو ایٹ کوٹری کے آفس میں سانحہ کارساز کے شہید راشد سہڑو کی 10ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید ناصرشاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں آمروں کا سامنا کیا ہے مگر ان کے سامنے کبھی بھی جھکی نہیں ہے۔

پیپلزپارٹی کی تاریخ خون سے رنگی ہوئی ہے اور پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جس کے قائد ذوالفقار علی بھٹو،شہید رانی محترمہ سمیت کتنے ہی پیپلزپارٹی کے جانثاروں نے قربانیاں دیکر جمہوریت کو زندہ رکھا اور یہی سبب ہے کہ آج عوام کے دلوں میں پیپلزپارٹی اور بھٹو ازم کا فلسفہ زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت پر قربان ہونے کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور کارساز واقعہ یہ ثابت کرتا ہے کہ پارٹی کے جیالے تھریٹ ہونے کے باوجود اپنی قیادت سے دور نہیں ہوئے اور اپنی قیادت پر سر قربان کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ کارساز کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں لاکھوں کی تعدا میں عوام شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عاجز دھامراہ نے کا کہا کہ شہید کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔بھٹو ازم ایک نظریہ کا نام ہے ا نسان تو مر سکتا ہے مگر نظریہ کبھی بھی نہیں مر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جماعت نہیں بلکہ عوامی سمندر کا نام ہے جبکہ کتنے ہی آمر آئے اور پارٹی کو ختم کرنے کیلئے کارکنوں کو ڈرایا اور دھمکایا مگر پارٹی اپنے دلیر اور دانشمند قیادت میں ہمیشہ ہر مشکل وقت میں سرخرو ہوتی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کے جلسے کا مقصد سانحہ کارساز کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور اس جلسے مں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اسٹیج پر پارٹی کے رہنما نہیں بلکہ شہیدوں کے وارث بیٹھے ہوئے نظر آئیںگے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط کے ساتھ جلسے میں شریک ہوں ۔اس موقع پر تقریب سے 18اکتوبر2007کے شہید راشد سہڑو کے بھائی جھانگیر سہڑو نے خطبہ استقبالیہ میںکہاکہ انھیں اپنے بھائی راشد کی شہادت پر فخر ہے اور پیپلزپارٹی کیلئے اگر میرے دوسرے بھائی بھی قربان کرنے پڑے تو ہم یہ قربانی دینے سے کبھی بھی نہیں ڈریں گے۔ اس موقع پر شہدراشد کے والد کوبھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔بعدازاںسید ناصرشاہ نے راشد سہڑو کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے فاتحہ خوانی کی۔