نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے کئی ریکارڈز پاش پاش کر دئیے

بابر یو اے ای میں مسلسل 5سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے،بابر اعظم نے ایک ہی اننگز میں جنوبی افر یقہ کے آملا اور ڈی ویلیئرز کے ریکارڈ بھی توڑ دیے

منگل 17 اکتوبر 2017 15:01

نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے کئی ریکارڈز پاش پاش کر دئیے
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے کئی ریکارڈز پاش پاش کر دئیے۔بابر اعظم متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے،بابر اعظم نے ایک ہی اننگز میں آملا اور ڈی ویلیئرز کے ریکارڈ بھی توڑ دیے۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار سنچری اسکور کر کے بابر اعظم نے کئی عالمی ریکارڈز قائم کردیے۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو مشکلات سے نکالا، سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم نے عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ہاشم آملا کو ریکارڈ سے محروم کردیا۔یہ بابر اعظم کے کیریئر کی ساتویں سنچری ہے اور وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بابر نے اپنے کیریئر کی محض 33ویں اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 41 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔اس سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم کی یہ متحدہ عرب امارات میں ون ڈے میچوں میں لاگاتر تیسری پانچویں سنچری ہے جو کسی بھی ملک میں لگاتار سنچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل کسی ملک میں لگاتار سنچریوں کا ریکارڈ سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنہوں نے بھارت میں لگاتار چار سنچریاں اسکور کی تھیں۔

متعلقہ عنوان :