ماربل کی برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے ،خادم حسین

منگل 17 اکتوبر 2017 14:29

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) فیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبر و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماربل چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ ماربل گرینائیٹ، آرائشی پتھروں کی برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان ماربل کے ذخائر کے اعتبار سے دنیا کی10بڑے ممالک میں شامل ہے اور ملک میں ماربل کی64سے زائد اقسام ہیں،ماربل کو برآمد کرکے پاکستان ملکی برآمدات میں بھرپوراضافہ کرسکتا ہے، اس سلسلہ میں حکومتی سرپرستی اور اس شعبہ میں مراعات سے ماربل انڈسٹری ترقی کرے گی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا ،خادم حسین نے کہا کہ چین میں ماربل ،گرینائیٹ اور دیگر آرائشی پتھروں کی بین الاقوامی نمائش آئندہ سال مارچ میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی سرکاری سطح پرملکی کمپنیوں کی شرکت سے دنیا بھر میںماربل کی برآمدات میں اضافہ ہوگااور اس موقع پر بین الاقوامی سودوں کا بھی امکان ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں ماربل کی کل تجارت کا حجم62بلین ڈالر ہے جس میں پاکستان کو اپنا حصہ بڑھانے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں، ملک میں ماربل کی صنعت30ہزار سے زائد افراد کو روزگار مہیا کررہی ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ بیرون ملک ماربل برآمدات میں اضافہ کیلئے بھر پور اقدامات کیے جائیں تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :