اسٹیج ڈرامے کی بہتری کیلئے بہت ساری آوازیں اٹھتی ہیں مگر کوئی عملی اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں‘ گوشی خان

منگل 17 اکتوبر 2017 13:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) سینئر اداکار گوشی خان نے کہا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کی بہتری کے لئے بہت ساری آوازیں اٹھتی ہیں مگر حقیقت میں اس کی بہتری کے لئے کوئی عملی اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں، جب تک اسٹیج ڈرامے سے مخلص لوگ آگے نہیں آئیں گے اسوقت تک اسٹیج ڈرامے میں بہتری کا خواب ناممکن ہے۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں طویل عرصے سے اکیلا اس جدوجہد میں مصروف ہوں کہ کسی طرح اسٹیج ڈرامہ اپنی اصل شکل میں واپس آجائے ۔

اگر مجھے تسلسل کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو میں شرطیہ کہتا ہوں کہ ایک سال میں اسٹیج ڈرامے سے بیہودہ رقص اور جملے بازی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا اور دوبارہ سے فیملیاں اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کو ترجیح دیں گی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اپنے سینئرز سے بھی مشاورت کررہا ہوں کہ وہ بھی اس مشن میں میرا ساتھ دیں اور خاص طور پر الحمراء آرٹ کونسل انتظامہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے ایک ہال فیملی ڈرامے کے لئے دے دیں تو میں اسٹیج ڈرامے میں انقلاب لا سکتا ہوں ۔

گوشی خان نے کہا کہ فرد واحد کی جدوجہد اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی جب تک اس کے ساتھ دوسری آوازیں مل نہیں جاتیں۔یاد رہے کہ گوشی خان ان دنوں الحمراء ہال llمیں بطور رائٹر ،ڈائریکٹر و اداکار اسٹیج ڈرامہ ’’ ہن تے مزہ آئے گا ‘‘ میں کام کررہے ہیں۔