محکمہ پولیس میں مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

منگل 17 اکتوبر 2017 13:59

محکمہ پولیس میں مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہورکی پولیس میں ایس ایچ اوسے لیکراعلیٰ حکام تک بڑے پیمانے پرکرپشن کابازارگرم رہا اور 50 کروڑ روپے کی مشکوک ادائیگیاں سامنے آگئیں۔

(جاری ہے)

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ اور’دنیا نیوز‘کی تحقیقات کے مطابق پنجاب کے اہم ترین پولیس سیٹ اپ میں اس بڑے پیمانے پر مالی قوانین کی خلاف ورزیوں سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے سرکاری امور میں شفافیت کے دعوؤں پر بھی بڑے سوالیہ نشان لگے ہیں،خدشہ ظاہر کیا گیاکہ کرپشن کے اس کھیل میں ایس ایچ او سے اعلیٰ حکام تک سب ہی شریک رہے ،ایک سرکاری فائل کے ریکارڈ میں انکشاف کیا گیا کہ لاہور پولیس کے تقریباً 86 تھانوں کے پاس 1100 گاڑیاں ہیں لیکن اسکے باوجود 2015ء اور2016ء کے دوران تفتیشی افسروں نے 6 کروڑ 66 لاکھ روپے رینٹ اے کارکی مد میں اڑائے ،کرائے کی گاڑیوں کے بلز میں کوئی ریفرنس نمبر درج نہیں جبکہ بیشتر پر تاریخ تک نہیں لکھی گئی اسی طرح مزید بھی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔