جرائم میں ملوث ارکان سندھ اسمبلی کو گرفت میں لانے کی تیاری

ایم کیو ایم پاکستان ارکان اسمبلی کے جرائم میں ملوث ہونے کے شواہد حاصل کرلئے گئے، ذرائع دہشت گردوں کی ٹیم چلاتا تھا،سانحہ بارہ مئی کیلئے نائن زیرو اجلاس کی صدارت فاروق ستار نے کی، کامران فاروقی کے 164 کے اعترافی بیان کی کاپی منظر عام پر آگئی

منگل 17 اکتوبر 2017 13:55

جرائم میں ملوث ارکان سندھ اسمبلی کو گرفت میں لانے کی تیاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) جرائم میں ملوث ارکان سندھ اسمبلی کو گرفت میں لانے کی تیاری کرلی گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان ارکان اسمبلی کے جرائم میں ملوث ہونے کے شواہد حاصل کرلئے گئے۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے متعدد جرائم کی تفصیل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جمع کرلی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کے 164 کے اعترافی بیان کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔

ایم پی اے کامران فاروقی نے سانحہ بارہ مئی میں دہشت گردی کا اعتراف کرلیا ہے۔ ایم پی اے کامران فاروقی کے 164 کے اعترافی بیان کی کاپی منظر عام پر آگئی۔رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے اعتراف کیا کہ وہ دہشت گردوں کی ٹیم چلاتا تھا۔ کامران فاروقی نے اعتراف کیا کہ سانحہ بارہ مئی کیلئے نائن زیرو اجلاس کی صدارت فاروق ستار نے کی۔ کامران فاروقی نے عدالت میں اعترافی بیان دیا کہ لیاری گینگ وار سے لڑائی کیلئے پارٹی فنڈز سے اسلحہ خریدا۔