روس کا طالبان کو مفت پٹرول اورڈیزل فراہم کیے جانے کا انکشاف

روسی خفیہ ایجنسی تقریبا اٹھارہ ماہ سے ازبکستان کی سرحد سے ڈیزل سے بھرے ٹینکر بھیج رہی ہے،طالبان رہنماء

منگل 17 اکتوبر 2017 12:57

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) روس افغان طالبان کو ماہانہ بنیادوں پر تقریبا پچیس لاکھ ڈالر مالیت کا ڈیزل فراہم کر رہا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق روس کی خفیہ ایجنسی گزشتہ تقریبا اٹھارہ ماہ سے ازبکستان کی سرحد سے ڈیزل سے بھرے ٹینکر بھیج رہی ہے۔طالبان کے ایک خزانچی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ڈیزل انہیں مفت فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس خزانچی کا برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ہمیں یہ مفت میں ملتا ہے، ہم صرف درآمدی ٹیکس ادا کرتے ہیں۔‘‘ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ تیل طالبان کی ایک کمپنی کو فراہم کیا جاتا ہے اور پھر یہ کمپنی کابل میں موجود ’کاروباری حضرات‘ کو فروخت کر دیتی ہے۔اخبار کے مطابق اس رپورٹ کے حوالے سے ان کا طالبان کے کسی ترجمان سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔ ماضی میں طالبان نے امریکا اور سعودی عرب کی مدد سے سابق سوویت یونین کے خلاف افغانستان میں لڑائی کرتے ہوئے انہیں شکست دی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایسا ممکن ہے کہ روس مبینہ طور پر ماضی کا بدلہ لینے کے لیے افغان طالبان کی مدد کر رہا ہو۔

متعلقہ عنوان :