سی پیک کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل فائبر آپٹک لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری

منگل 17 اکتوبر 2017 12:39

سی پیک کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل فائبر آپٹک لائن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل فائبر آپٹک لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔منصوبہ بندی کمیشن میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ مختلف مراحل میں اس منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تکنیکی تعاون کے منصوبوں میں راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹکل فائبرکیبل کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے۔

اس منصوبہ میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(ایس سی او) اور چین کی ہواوے ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ اہم کرداردا کررہی ہے، منصوبہ کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820کلومیٹر طویل آپٹکل فائبر لائن بچھائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کیبل کا سب سے طویل حصہ گلگت بلتستان میں ہے جہاں 466.584 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک لائن بچھائی جارہی ہے جو کیبل کی لمبائی کا 56.5 فیصد بنتا ہے، خیبرپختونخوا کی287.656 کلومیٹر ، پنجاب47.56 کلومیٹر، اوروفاقی دارالحکومت کے 18.20 کلومیٹر حصے میں اس کیبل لائن کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

منصوبہ سے دونوں پڑوسی اوردوست ممالک کے درمیان سٹریٹجک لائن قائم ہونے کے ساتھ ساتھ دورافتادہ علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی میں بلاشہ ایک انقلاب آئے گا۔ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبہ پر 44ملین ڈالر کی لاگت کا تخمینہ ہے اور اس منصوبے کے 2018ء میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :