مالٹا: پاناما کرپشن کیخلاف اٹھنےوالی آوازخاموش،خاتون صحافی کی گاڑی کوبم سے اڑا دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 اکتوبر 2017 11:40

مالٹا: پاناما کرپشن کیخلاف اٹھنےوالی آوازخاموش،خاتون صحافی کی گاڑی ..
مالٹا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر 2017ء) : پانامہ کرپشن کے خلاف اٹھنے والی آواز ہمیشہ کیلئے خاموش کر دی گئی ہے، مالٹا کی خاتون صحافی کو کار بم دھماکے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانامہ اسکینڈل کے بعد کرپٹ ٹولے کے خلاف کھڑی ہونے والی مالٹا کی صحافی کو قتل کر دیا گیا ہے۔ خاتون صحافی ڈفنے کاروانا گیلیزیا کی کار کو اس وقت بم سے اُڑایا گیا جب وہ گھر سے دفتر جا رہی تھیں۔

(جاری ہے)

خاتون صحافی نے مالٹا کے وزیر اعظم جوزف مسقط اور اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر کرپٹ سیاسی رہنماﺅں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کروایا تھا۔ جس کے بعد سے ہی وہ اسٹیبلشمنٹ اور انڈر ورلڈ کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی تھیں اور انہیں دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔ان کی ہلاکت کے بعد وزیر اعظم پر اُنگلیاں اُٹھ رہی ہیں۔ ان کے بلاگز پورے ملک میں شائع کیے جانے والے اخبارات میں سب سے زیادہ پڑھے جاتے تھے۔ ایک سائٹ نے اس خاتون صحافی کو ون ویمن وکی لیکس کا نام بھی دیا تھا۔ ڈیفنے کی آخری سٹوری اُن کی موت سے پچیس منٹ پہلے شائع ہوئی تھی ۔ان کی یاد میں دارالحکومت ویلیٹا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شمعیں روشن کی گئیں۔