پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 32 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی

بابر اعظم کی مسلسل دوسری سنچری، شاداب خان کو آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا

منگل 17 اکتوبر 2017 00:30

ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاکستان نے بابر اعظم اور شاداب خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 32 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 219 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بابر اعظم نے 101 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

گاماگے نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری 48 اوورز میں 187 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اپل تھرنگا نے 112 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہیں آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شیخ زید سٹیڈیم، ابو ظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے چھ مستند بلے باز 101 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ فخر زمان پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بناکر گاماگے کا نشانہ بنے۔ احمد شہزاد اس میچ میں بھی اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 8 رنز بناکرسرنگا لکمل کی گیند پر سری وردنا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ کو بھی گاماگے نے 8 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیجا۔

شعیب ملک 11 اور سرفراز احمد صرف 5 رنز بناسکے، دونوں کو تھسارا پریرا نے آئوٹ کیا۔ عماد وسیم چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بناکر وینڈرسے کی گیند پر ایل بی ڈبیلیو ہوگئے۔ اس موقع پر بابر اعظم اور شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ساتویں وکٹ میں 109 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ بابر اعظم نے مسلسل دوسری سنچری بنائی اور 101 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد گاماگے کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

حسن علی 7 اور رومان رئیس صفر پر آئوٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ گاماگے نے 4 اور تھسارا پریرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 48 اوورز میں 187 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان اپل تھرنگا نے 112رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکا۔ نروشن ڈکویلا 3 ، مینڈس 10 ، تھریمانے 12 ، چندیمل 2 ، سری وردنا 3 اور تھسارا پریرا 7 رنز بنا سکے۔ شاداب خان نے تین جبکہ جنید خان، حسن علی، رومان رئیس، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :