دوسرا ون ڈے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کے نام

muhammad ali محمد علی منگل 17 اکتوبر 2017 00:23

دوسرا ون ڈے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کے نام
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16اکتوبر۔2017ئ) دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 32رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے،سری لنکا کی جانب سے نروشن ڈکویلا اور کپتان اپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا ، جنید خان نے تیسرے ہی اوور میں ڈکویلا کو 10 کے مجموعی سکور پر پویلین بھیج دیا،کوشل مینڈس بھی صرف 10 رنز بناسکے وہ حسن علی کا شکار بنے۔

تھریمانے 12، چندیمل 2، سری وردنے 3، تھیسارا پریرا 7 اور دننجیا صرف 1 رن بناکر آﺅٹ ہوئے۔کپتان تھرنگا نے آٹھویں وکٹ کیلئے جیفری ویندرسے کے ہمراہ 76رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد لکمل بھی محض1رن بنا کر پوویلین واپس لوٹے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 3 جبکہ جنید خان، حسن علی،رومان رئیس، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا ، فخرزمان خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور 17 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے ، احمد شہزاد بھی صرف 8 رنز بناکر چلتے بنے، محمد حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، حفیظ کے آﺅٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد بھی وکٹ پر زیادہ دیر کھڑے نہ رہ سکے اور 73 کے مجموعی سکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک نے 11 اور سرفراز احمد نے 5 رنز بنائے، عماد وسیم بھی 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔

ٹاپ آرڈر کی مکمل ناکامی اور 100 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کا 50 اوورز مکمل کرنا مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن پچھلے میچ کے سنچری میکر بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی ،اس دوران بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف مسلسل دوسری اور اپنے کیریئر کی ساتویں سنچری سکور کی ، شاداب خان نے اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

بابراعظم آخری اوور میں 101 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے، حسن علی نے آتے ہی پہلی گیند پر شاندار چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ رن آﺅٹ ہوگئے۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو گمیج نے 4، تھیسارا پریرا نے 2 جبکہ سرنگا لکمل اور جیفری ویندرسے نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا سے ناکامی کے بعد پاکستانی ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :