گورنر سندھ سے سی پی این ای کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

جمہوریت کے فروغ میں آزاد میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب حقائق پر مبنی اور اصولوں پر استوا ر خبر ناظرین اور قارئین تک پہنچانا ہونا چاہئے، محمد زبیر کی وفد سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 23:18

گورنر سندھ سے سی پی این ای کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن نہیں کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ کسی بھی جمہوری معاشرے کے قیام اور فروغ کے لئے آزاد میڈیا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے پانچ رکنی وفد سے گورنر ہائو س میں ملاقات کے دوران کیا۔

جس کی قیادت سی پی این ای کے جنرل سیکریٹری اعجاز الحق کررہے تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں عامر محمود، اکرام سہگل، ڈاکٹر جبار خٹک اور مقصود یوسفی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کی تیزی سے ترقی اور ٹی وی چینلز کی فراوانی کی وجہ سے بعض اوقات خبر کی تصدیق نہیں ہوپاتی جس کی جانب توجہ دئیے جانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب حقائق پر مبنی اور اصولوں پر استوا ر خبر ناظرین اور قارئین تک پہنچانا ہونا چاہئے۔

کیونکہ میڈیا میں کہی اور لکھی جانے والی بات عوام پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہے اور اسی سے رائے عامہ ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کا کام غیر جانبداری سے حقائق کا تجزیہ کرکے اسے عوام کے سامنے رکھنا ہونا چاہئیے تاکہ وہ اس کی صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ کرسکیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سیاسی و معاشی معاملات پر مثبت انداز میں بحث و مباحثہ ضروری ہے تاکہ عوام کو ان کے بارے میں پتہ چل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کے بجائے تنقید برائے اصلاح ہو تو زیادہ بہتر ہے، حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی کو اعداد و شمار کے ساتھ تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو اس سے حکومت کو اپنی اصلاح کا موقع ملتا ہے لیکن اگر صرف ذاتی دشمنی اور مخالفت برائے مخالفت کی بنیاد پر حکومت کے ہر عمل پر تنقید کی جائے تو اس سے مفاد عامہ کے کاموں میں رخنہ اندازی ہوتی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پرنٹ میڈیا میں نسبتاً غیر جانبداری کاعنصر زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اخبار میں ہر نقطہ نظر کو جگہ ملتی ہے اور ہر کسی کا موقف عوام کے سامنے آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی پی این ای کی جانب سے مجوزہ پبلک ڈبیٹ اور ڈائیلاگ کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے سی پی این ای کی جانب سے واشنگٹن اور لندن میں دفاتر کھولنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ عالمی دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سی پی این ای کی جانب سے اپنے ممبران کے لئے ہیلتھ انشورنس کے آغاز کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :