Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی زیر قیادت صوبائی حکومت نے 356میگا واٹ بجلی پہلے ہی پیدا کر لی ہے، صوبائی وزیر برقیات

دسمبر تک 560میگا واٹ مزید بجلی کی پیداوارشروع ہو جائے گی ، ایک ہزار میگا واٹ سستی ترین بجلی دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو فراہم کی جا رہی ہے، طلباء سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 23:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم ، توانائی و برقیات محمد عاطف نے کہا ہے کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں کو منتقلی اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے سرکاری سکولوں کے معیار اور انتظامات میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی زیر قیادت صوبائی حکومت نے 356میگا واٹ بجلی پہلے ہی پیدا کر لی ہے جبکہ دسمبر تک 560میگا واٹ مزید بجلی کی پیداوارشروع ہو جائے گی اور اس طرح سے ایک ہزار میگا واٹ سستی ترین بجلی دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو فراہم کی جا رہی ہے ۔

پیر کے روز نیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے پبلک پالیسی اور گورننس کے طلباء کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن پاکستان کا اہم ترین بنیادی مسئلہ ہے بصورت دیگر اس ملک اور قوم کو قدرت نے کثرت سے قدرتی وسائل ، محنتی اور باصلاحیت افرادی قوت اور بہترین قدرتی موسموں سے مالا مال کر رکھا ہے تاہم کرپشن کی وجہ سے یہ اب تک ترقی نہیں کر سکا، اسلئے کرپشن سے نجات پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اولین ترین ایجنڈا ہے اس کے بعد لوگوں کو بلا امتیاز امن و امان اور انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں پولیس فورس کو بہتر بنانے کیلئے پولیس سسٹم کو جدید ترین خود مختار خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے اور تعلیم اور صحت کے شعبوں پر بھی دیگر اداروں کی طرح خصوصی طور پر فوکس کیا گیا جو اس وقت شرمناک حد تک ناگفتہ بہہ حالت میں تھے اسلئے سب سے پہلے صحت اور تعلیم کے شعبوں کو مکمل اور مستقل طور پر سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کر دیا گیا اس کے علاوہ چالیس ہزار سے زائد عملے کے اراکین کی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی گئیں جس کی وجہ سے کسی ایک فرد پر بھی میرٹ کے بغیر بھرتی کا الزام نہیں لگا یا جا سکا اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی دور رس عوام دوست اصلاحات کی گئیں اور صرف ایم ٹی آئی ، ایل آر ایچ میں 32اعلیٰ تعلیم یافتہ سپیشلسٹس اور سرجنز بیرون ممالک سے آ کر یہاں اپنے ہم وطنوں کی خدمت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور سیاسی کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے سلسلے میں پی ٹی آئی کو بڑے پیمانے پر مزاحمت کاسامناکرنا پڑا لیکن اس کی قیادت غیر متزلزل طور پر اپنے عزائم اور سچے مقاصد پر استقامت سے کھڑی رہی جس کے نتائج کو عوام نے بھی سراہا ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ بھکاریوں کاکشکول توڑناآزاد خارجہ پالیسی کی بنیادی شرط ہے جس کیلئے ہمیں اپنے وسائل میں اضافہ اور ٹیکس ریونیو بیسس کو وسیع کرنا پڑے گااور اس طرح سے حکومت اور اداروں پر عوام کااعتماد بحال کر کے لوگوں کو ٹیکسز کی ادائیگی کی جانب راغب کرناہوگا جبکہ یہ کام بھی کرپشن کے خاتمے کے بغیر نا ممکن ہے جو پی ٹی آئی کی ا ولین ترجیح ہے۔

احتساب کمیشن کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تقرریوں کا اختیار عدلیہ کو تفویض کر کے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے تاکہ یہ معاملہ مکمل طور پر خود مختار اور سیاسی یا ذاتی مداخلت سے پاک بنایا جاسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات