بھارتی فوج کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے خواتین کی چٹیا کاٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہے ،

تحریک آزادی کا رخ موڑنے کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت ایسی وارداتیں کی جارہی ہیں،مودی سرکار کی جدوجہد آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی جماعةالدعوة سیاسی امو رکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کابیان

پیر 16 اکتوبر 2017 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) جماعةالدعوة سیاسی امو رکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے خواتین کی چٹیا کاٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ تحریک آزادی کا رخ موڑنے کیلئے منظم منصوبہ بندی کے تحت ایسی وارداتیں کی جارہی ہیں ،مودی سرکار کی جدوجہد آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

تحریک آزادی کشمیربھرپور انداز میں جاری ہے اور جاری رہے گی۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج اور ایجنسیوں کے اہلکار سادہ کپڑوں میں کالجوں کی طالبات اور دیگر خواتین کے چہروں پر اسپرے کرتے ہیںجس سے وہ بے ہوش ہو جاتی ہیں اور فورسز اہلکاران کے سر کے بال کاٹ کر وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال پر کشمیری خواتین شدید خوف زدہ ہیں۔

کشمیری عوام نے کئی درندوں کو خواتین کے بال کاٹنے کی کوشش میں رنگے ہاتھوںپکڑا ہے لیکن اسی وقت فوج اور ایجنسیوں کے اہلکار وہاں پہنچ کر انہیں زبردستی اپنے ساتھ لیجاتے ہیں اور آج تک کسی ایک اہلکار کیخلاف بھی رپورٹ درج نہیں کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ حریت کانفرنس کی اپیل پر پورے کشمیر میں ہڑتالیں کی جارہی ہیں اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جارہے۔

پوری کشمیری قوم سڑکوں پر ہے لیکن اہل اقتدار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے اوربھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت کشمیر میں نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ پاکستانی دریائوں پر غیر قانونی ڈیم تعمیر کر کے پاکستان کو بنجر بنانے کی کوششیں کر رہا ہے اوبلوچستان، گلگت و بلتستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں مصروف ہے لیکن ہمارے حکمران غاصب بھارت سے یکطرفہ دوستی کی پینگیں بڑھانے میں مصروف ہیں۔

پاکستانی قوم بھارت سے دوستی و تجارت نہیں کشمیرپر سے بھارتی قبضہ ختم اور اپنے دریائوں کو آزاد کروانا چاہتی ہے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی قبضہ چھڑانے تک اس سے دوستی کی پینگیں بڑھانا کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے اور نظریہ پاکستان سے غداری کے مترادف ہے۔ حکمران بھارت کی خوشنودی کیلئے جو مرضی اقدامات کرتے رہیں پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو سکتا۔