بابر اعظم نے ہاشم آملا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں اسکور کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

پیر 16 اکتوبر 2017 23:01

بابر اعظم نے ہاشم آملا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے ہاشم آملا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا،سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار سنچری اسکور کر کے سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں بنانیکا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم 101 رنز پر چھ وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی اور اس موقع پر بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لگاتار دوسری سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ شاداب خان کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 109 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو 219 رنز کے معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔اس سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم نے عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ہاشم آملا کو ریکارڈ سے محروم کردیا۔یہ بابر اعظم کے کیریئر کی ساتویں سنچری ہے اور وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں سات سنچریاں اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔بابر نے اپنے کیریئر کی محض 33ویں اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 41 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :